داعش جیسے گروہوں کی وجہ سے آج اسلام اور مسلمان نشانہ بن رہے ہیں‘طاہر محمود اشرفی

پیر 29 اگست 2016 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء ) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور داعش جیسے فتنوں کے خاتمے اور عالم اسلام کے مسائل کے حل کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کا مشترکہ جدوجہد کو مزید مؤثر بنانے کا عزم عالم اسلام کی آواز ہے ، داعش جیسے گروہوں کی وجہ سے آج اسلام اور مسلمان نشانہ بن رہے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ عرب ممالک میں ہونے والی بیرونی مداخلتوں کی وجہ سے پوری دنیا میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ عالمی دنیا نے مسلم دنیا کے مسائل کے حل کے سلسلے میں غیر سنجیدہ رویہ اپنا رکھا ہے ۔ ان حالات میں مسلم امۃ کے اتحاد اور وحدت کی ضرورت ہے اور پاکستان سعودی عرب کی قیادت کو باہمی اتحاد سے مسلم امۃکے مسائل کو حل کی طرف لے جانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلسطین سے کشمیر اور شام سے یمن تک مسلم امۃ کا خون بہہ رہا ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ سعودی عرب ، پاکستان ، قطر اور دیگر اسلامی ممالک عسکری اتحاد کے ساتھ ساتھ نظریاتی اور فکری اتحاد کی طرف توجہ دیں اور مسلم نوجوانوں کو گمراہ کرنے والی قوتوں اور گروہوں کا فکری اور نظریاتی طور پر بھی خاتمہ کریں۔

متعلقہ عنوان :