عراقی نیول فورسزکے سربراہ کا نیول ہیڈ کوارٹرزدورہ، پیشہ ورانہ اُمور کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال

پیر 29 اگست 2016 22:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) پاکستان کے سرکاری دورے پر آئے ہوئے کمانڈرعراقی نیول فورسز میجر جنرل احمد جاسم مآرج نے اپنے پرسنیل سٹاف کے ہمراہ نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ۔ عراقی نیول چیف کی نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ نے انہیں خوش آمدیدکہا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔

سلامی کے بعدمعزز مہمان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں تعینات پرنسپل سٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔ بعد ازاں ، میجر جنرل احمدجاسم مآرج نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران عراقی نیول چیف نے اپنے ہم منصب سے مختلف پیشہ ورانہ اُمور پر گفتگو کی۔ معزز مہمان کو آپریشنل تیاریوں پر ایک تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں اپنی مصروفیات کے دوران میجر جنرل احمدجاسم مآرج نے وزیر دفاع اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

عراقی نیول چیف اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں کراچی اور لاہور میں نیول فیلڈ کمانڈرز سے ملاقاتیں کریں گے ۔ ان ملاقاتوں کے علاوہ معزز مہمان پاکستان نیو ی وار کالج لاہور اورکراچی میں پاکستان نیوی کے فلیٹ اور یونٹس کا دورہ کریں گے اورمزار اقبال اور مزار قائد پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائیں گے۔میجر جنرل احمدجاسم مآرج کو کمانڈر عراقی نیول فورسز کے علاوہ کئی اہم عہدوں پر فائز رہنے کا اعزاز حاصل ہے جن میں ڈائریکٹر منسٹری آف ڈیفنس، بیس کمانڈر اُمّ ِ قاسم، عراقی نیشنل ڈیفنس کالج اور ڈائریکٹر آپریشن عراقی نیوی اینڈ کوسٹل ڈیفنس کی ذمہ داریاں شامل ہیں۔

میجر جنرل احمدجاسم مآرج عراقی اسٹاف کالج کے گریجویٹ ہیں ۔ عراقی نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان باہمی تعلقات میں استحکام کا باعث بنے گا۔