ملازمین کے حقوق کے لیے عملی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں ،چوہدری محمد یٰسین

ہمارے سیاسی مخالفین انگلی کٹا کر شہیدوں میں شامل ہو نا چاہتے ہیں ،اورنگزیب خان مشاورتی اجلاس سے سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) مزدور یونین کے عہدیداران کا خطاب ۔

پیر 29 اگست 2016 22:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء ) سی ڈی اے مزدور یونین کی مشاورتی کونسل کااجلاس بمقام مرکزی یونین آفس میں منعقد ہوا ،اجلاس سے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،صدراورنگزیب خان ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،سپریم ہیڈ صوفی محمود و دیگر عہدیداران نے خطاب کیا ،مزدور یونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ سی ڈی اے ملازمین کے حقوق کے تحفظ کی خاطر مزدور یونین صرف اور صرف عملی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ ہم نے حکمران جماعت،چیئرمین سینیٹ سمیت تمام اپوزیشن رہنماؤں ،سول سوسائٹی،میڈیا اور دیگر اعلیٰ حکام تک اپنے محنت کشوں کے خدشات و تحفظات کی خاطر ہر فورم پر آواز بلند کی اوردیگر جلسوں کے علاوہ چھ جون کو آبپارہ چوک میں ہزاروں محنت کشوں کے ہمراہ پر امن احتجاجی مظاہرہ بھی کیا لیکن کوئی عملی کاروائی نہ ہونے کی بنا پر مزدور یونین نے اپنا آئینی و قانونی حق استعمال کرتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا اور آج ہم عدالتوں میں اپنے ملازمین کے موقف کو ملک کے نامور وکلاء کے ذریعے بھرپور طریقے سے پیش کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں جس کی بنا پر عدالت کے حکم کے مطابق انتظامیہ و دیگر اعلی حکام کو سی بی اے یونین سے مشاورت کے لیے کہا گیا ہے لیکن دوسری طرف مفاد پرست ٹولہ جسے سی ڈی اے ملازمین مسلسل پانچ مرتبہ مسترد کر چکے ہیں ،آج ایک بار پھر انگلی کٹا کر شہیدوں میں شامل ہونے کی کوشش کر رہا ہے جبکہ ہم ان تمام عناصر کو مسلسل یہ بات سمجھاتے چلے آئے کہ سی ڈی اے ہمارا گھر ہے اور گھر کی حفاظت کے لیے ہمیں اپنے اپنے سیاسی اختلافات کوبالائے طاق رکھتے ہوئے متحد ہونے کی ضرورت ہے لیکن اس ڈھول گروپ نے سی ڈی اے ملازمین کو کمزور کرنے کی کوشش کی اور ہمیشہ اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا کر ملازمین کے اتحاد کو نقصان پہنچایا آج جب سی ڈی اے مزدور یونین اور محنت کش اپنے مقدمات کو عدالتوں میں لے جا چکے تو یہ لوگ بھی خواب غفلت سے بیدار ہوئے ہیں اور ان کو بھی آج ادارے اور ملازمین کا غم ستانے لگا ہے سی ڈی اے کا محنت کش بہت با شعور ہو چکا ہے اوروہ جانتا ہے کہ ادارے و ملازمین کی بقاء اور انکے حقوق کی جنگ پچھلے ڈیڑھ سال سے کون لڑ رہا ہے اور وہ کون لوگ ہیں جو سیاسی مداری پن اور ٹوپی ڈرامہ کر کے ملازمین کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں،مزدور یونین ہر وقت ریفرنڈم کے لیے تیار ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ نوسربازوں کے اس ٹولے کو سی ڈی اے محنت کش ایک دفعہ پھر عبرت ناک شکست سے دوچار کر کے ہمیشہ کے لیے گھر بھیج دے گا ،سی ڈی اے مزدور یونین ہر حال میں اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کرتے ہوئے سی ڈی اے ملازمین کے لیے اپنی سیاسی ،اخلاقی ،عملی و قانونی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھے گی ۔

متعلقہ عنوان :