ایم کیو ایم کے دفاتر گرا نے کا حکم میں نے دیا ہے ٗ رینجرز کو کوئی کردار نہیں ہے ٗ وزیر اعلیٰ سندھ

پنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اﷲ کو کوئی غلط فہمی ہے تو میں دور کر دینے کو تیار ہوں ٗایم کیو ایم ملک دشمنی میں ملوث ہے تو پابندی لگنی چاہئے ٗمراد علی شاہ

پیر 29 اگست 2016 21:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء) سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے دفاتر گرا نے کا حکم میں نے دیا ہے اس میں رینجرز کو کوئی کردار نہیں ہے ٗپنجاب کے وزیر قانون رانا ثنا اﷲ کو کوئی غلط فہمی ہے تو میں دور کر دینے کو تیار ہوں ٗایم کیو ایم ملک دشمنی میں ملوث ہے تو پابندی لگنی چاہئے۔

میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ کراچی میں ایم کیو ایم کے دفاتر کی بہت بڑی تعداد سرکاری زمینوں پر بنائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ان کو گرایا جا رہا ہے ان کو گرانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے جو دفاتر قانونی طور پر بنے ہیں ان کو نہیں گرایا جائے گا۔ غیر قانونی دفاتر کو گرانے کا حکم میں نے دیا تھا۔ایک سوال کے جواب میں مراد شاہ نے کہا کہ رانا ثنا اﷲ کراچی کے حالات سے با خبر نہیں اگر وہ باخبر ہوتے تو ایسا بیان نہ دیتے۔جہاں تک ان کے اس بیان کا تعلق ہے کہ رینجرز کی جانب سے ایم کیو ایم کے دفاتر کو گرانا ٹھیک نہیں تو میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ یہ دفاتر رینجرز نہیں گرا رہی ان کو گرانے کا حکم میں نے دیا ہے۔