قومی مفاد میں یکجا ہو کر غربت و لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ اور پرامن اور خوشحال پاکستان کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، گلگت بلتستان میں 45 ہزار میگاواٹ پن بجلی پیدا کی جاسکتی ہے

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کا سی پیک سمٹ سے خطاب

پیر 29 اگست 2016 21:24

اسلام آباد ۔ 29 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ قومی مفاد میں یکجا ہو کر غربت و لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ اور پرامن اور خوشحال پاکستان کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا، سی پیک تمام سیاسی جماعتوں کا منصوبہ ہے، گلگت بلتستان میں 45 ہزار میگاواٹ پن بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔

وہ پیر کو یہاں سی پیک سمٹ سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کو حقیقت میں بدلنے پر وزیراعظم نواز شریف اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، یہ منصوبہ پاکستان کے ہر شعبہ کیلئے اہم سنگ میل ہے، پاکستان اور چین کے بدخواہ شاہراہ قراقرم کی تعمیر میں بھی رکاوٹیں کھڑی کرتے تھے تاہم یہ عجوبہ مکمل ہوا اور گلگت بلتستان کے لوگوں کی ترقی کا پہیہ چلنا شروع ہوا، سی پیک ایک عظیم اور تاریخی منصوبہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بابوسر روڈ کی تعمیر کی وجہ سے ایک سال میں 10 لاکھ مقامی اور 25 ہزار غیر ملکی سیاح گلگت بلتستان آئے، پی آئی اے کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 31 اگست اور یکم ستمبر کو گلگت میں سی پیک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں وفاقی وزیر احسن اقبال اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے علاوہ چینی بھی شرکت کریں گے۔ گلگت بلتستان میں 45 ہزار میگاواٹ پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے، یہاں ریجنل گرڈ بنا رہے ہیں جس کو نیشنل گرڈ سے منسلک کرانے کے بعد یہاں سے سستی بجلی پیدا کی جائے گی، سی پیک تمام جماعتوں کا منصوبہ ہے۔

متعلقہ عنوان :