دھرنا سیاست کا وقت ختم ہوچکا، اب وہی حکومت قائم رہے گی جو عوام کے مسائل حل کرے گی، بلدیاتی الیکشن کے امیدواروں کا فیصلہ میرٹ پرکیا جائے گا،حمزہ شہبازشریف ،مسلم لیگ(ن)ملتان کے ارکان اسمبلی اور سینئروفد سے ملاقات،گفتگو

پیر 29 اگست 2016 21:23

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما وایم این اے حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر ان دھرنوں سے حکومتیں ختم ہوئی تو اب تک پاکستان میں درجنوں حکومتیں آچکی ہوتیں۔ دھرنا سیاست کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ اب وہی حکومت قائم رہے گی جو عوام کے مسائل حل کرے گی۔مئیر ،ڈپٹی مئیراور بلدیاتی الیکشن کے امیدواروں کا فیصلہ میرٹ پرکیا جائے گا۔

مسلم لیگ(ن)ملتان کے سینئررہنماؤں اور ارکان اسمبلی کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے حمزہ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے خطے کی محرومیاں ختم کرکے دم لیں گے۔بہت جلد ملتان آکر کارکنوں سے ملاقات کروں گا ۔اس موقع پرسابق ایم این اے شیخ طارق رشید،ایم پی اے وسابق صوبائی وزیرحاجی احسان الدین قریشی،سابق صوبائی وزیرچوہدری عبدالوحیدآرائیں،ملک انورعلی اور ملک تنویر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن)کے رہنما اورسابق ایم این اے شیخ طارق رشید نے ملتان میں ترقیاتی کاموں خاص طور پر واسا ایم ڈی اے ،پی ایچ اے میٹروبس کے بارے میں رپورٹ پیش کی اور ان حلقوں کی نشاندہی کی ہے جہاں پر ترقیاتی کام مکمل نہیں کیے گئے۔ اس موقع پر طارق رشید نے ن لیگ کے کارکنوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا اور ان افسران کی لسٹیں بھی پیش کیں جوکام نہیں کرتے۔

شیخ طارق رشید کا کہنا تھا کہ آج بھی جنوبی پنجاب مسلم لیگ (ن)کا قلعہ ہے اور ہمارے جیسے کارکنوں نے ہمیشہ ن لیگ کو اکثریت سے کامیاب کردیا ہے۔ اس موقع پر حمزہ شہبازشریف نے شیخ طارق رشید کی والدہ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ آخر میں شیخ طارق رشید نے حمزہ شہباز کو یقین دہانی کرائی کہ پارٹی میئر کے حوالے سے جو فیصلہ کرے گی ہم قبول کریں گے۔