کراچی میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے ،امریکہ

شہر کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں ،تمام کوششیں قانون کے مطابق ہونی چاہیں،کراچی میں ایم کیوایم کے خلاف جاری آپریشن اور گزشتہ ہفتے میڈیا کے دفاتر پر حملوں بارے ہماری پوزیشن واضح ہے،امریکی محکمہ خارجہ

پیر 29 اگست 2016 21:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) امریکہ نے کہا ہے کراچی کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں شہرمیں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے اس حوالے سے تما م اقدمات قانون کے مطابق ہونے چاہیں۔میڈیا رپوٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے ۔

الطاف حسین کے پاکستان مخالف بیان کے بعد ایم کیو ایم کے دفاتر مسمار کیے جانے کے حوالے سے محکمہ خارجہ کاکہنا تھاکہ پاکستانی حکومت ایسی تمام کوششوں کو قانون کے مطابق یقینی بنائے ۔امریکی محکمہ خارجہ کاکہنا تھاکہ کراچی کی موجودہ صورتحال ، ایم کیوایم کے خلاف جاری آپریشن اور گزشتہ ہفتے میڈیا کے دفاتر پر حملوں کے حوالے سے امریکہ کی پوزیشن واضح ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں امریکی انتظامیہ ایم کیو ایم کے خلاف حکومتی کاروائی کی حامی دکھائی دیتی ہے لیکن اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ایسا کرتے وقت اپنے قوانین کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے ۔اسی طرح امریکی حکومت ایم کیو ایم کے احتجاج کے حق کو تسلیم کرتی ہے لیکن یاد دلاتی ہے کہ پارٹی احتجاج پرامن ہونا چاہیے ۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم تمام واقعات کی قریب سے نگرانی کررہے ہیں اور اس بات سے آگاہ ہیں کہ پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متحدہ قومی موومنٹ کے ہیڈکوارٹرکو سیل اور کئی کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ہم کراچی میں امن وامان برقرار رکھنے کی پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے تما م کوششیں قانون کے مطابق ہونی چاہیں۔