اقتصادی راہداری منصوبوں کی تکمیل دونوں ممالک کے عزم کے ساتھ کامیابی سے جاری ہے

منصوبے کی موثر عمل داری میں درپیش مشکلات کو حل کر لیا گیا ہے ، راہداری منصوبہ وفاق اور صوبوں کے اتحاد کی علامت بن چکا ہے ، پارلیمانی کمیٹی برائے پاک چین اقتصادی راہداری کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کی میڈیا سے گفتگو

پیر 29 اگست 2016 21:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء ) پارلیمانی کمیٹی برائے پاک چین اقتصادی راہداری کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری پر دونوں ممالک کے مصمم عزم کے ساتھ عمل داری جاری ہے ،دونوں ممالک کی عوام منصوبے کی تکمیل سے مستفیدہوں گے ۔ مشاہد حسین سید نے پیر کو پاک چین اقتصادی راہداری کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی راہداری منصوبے کی موثر عمل داری میں درپیش مشکلات کو حل کر لیا گیا ہے ،دونوں ممالک کے مصمم عزم کیساتھ کامیابی سے منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا ،اقتصادی راہداری منصوبہ وفاق اور صوبوں کے اتحاد کی علامت بن چکا ہے ،اقتصادی راہدری کے تحت تعمیر کئے جانے والے بنیادی ڈھانچے سے تاجر فائدہ اٹھائیں گے اور پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

پاکستانی عوام عظیم منصوبے کے تحفے پر چینی حکومت کے مشکور ہیں ۔راہداری کے منصوبوں میں عملی طور پر شریک چینی ماہرین انتہائی پرجوش ہیں اور روایتی دوستی کے جذبے کے تحت شاندار منصوبوں پر تعمیراتی کام کامیابی کے ساتھ آگے بڑھایا جارہا ہے ،راہداری کا ویژن مجموعی طور پر خطے کو مستفید کرنا ہے ۔ گلگت بلتستان حکومت کو بدھ کو پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے ایک کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا ہے جس میں مختلف منصوبوں کی پیش رفت اور مواقعوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے ترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال کے ہمراہ شرکت کروں گا ۔