سندھ میں ضلعی سطح پر ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے، الطاف حسین نے اپنے ساتھ خود زیادتی کی،صوبائی وزیر امدادپتافی کی میڈیا سے گفتگو

پیر 29 اگست 2016 21:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز امداد علی پتافی کی زیر صدارت پیر کو محکمے کا اہم اجلاس ہوا جس میں لاڑکانہ ڈویڑن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،اجلاس میں بتایا گیا کہ لاڑکانہ ڈویلپمنٹ پلان کے تحت 636ملین کی لاگت سے پل 548 ملین کی لاگت سے روڈز اور سرشاہنواز بھٹولائبریری کے 2 ریفرنسزہال کاترقیاتی کام جون 2017 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

صوبائی وزیربرائے ورکس اینڈ سروسز امداد علی پتافی نے افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اورتمام ترقیاتی منصوبے وقت پر مکمل کئے جائیں اس سلسلے میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،اجلاس میں چیف انجینئرہائی ویزسکھر، سپرنٹنڈنٹ انجینئر لاڑکانہ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی، اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیرامدادعلی پتافی کا کہا کہ سندھ میں ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کا عمل شروع کردیا ہے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کی وہ خود نگرنی کریں گے تا کہ ترقیاتی منصوبے مقرر ہ وقت پر مکمل کیئے جائیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ایم کیو ایم کے قائد کے حکم پر کیا کچھ نہیں ہوتا تھا لیکن آج اس کی پارٹی اسے ڈس اون کر رہی ہے الطاف حسین سندھ اور پاکستان توڑنے کی باتیں کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے اپنے ساتھ خود زیادتی کی ہے۔ ہرعروج کوزوال ہوتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ 1978میں بھی الطاف حسین نے پاکستا ن کا پرچم نذرِ آتش کیا تھا۔