معلومات کی فراہمی آسان بنانے کیلئے سینٹرلائزڈ ای پورٹل کی منظوری دیدی گئی ہے، معاون خصوصی سندھ سکندر شورو

پیر 29 اگست 2016 20:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر سکندر شورو نے کہا ہے کہ معلومات تک عوام کی رسائی کو آسان بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،دنیا ایک گلوبل ولیج ہے جس میں انفارمیشن کی فوری فراہمی سے بہت سے مسائل سے بر وقت نمٹا جاسکتا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومتی اداروں کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید مضبوط اور موثر بنایا جائے اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی رہنمائی میں محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے 40ملین روپے کی لاگت سے ایک جامع اور موثر سینٹرلائزڈای پورٹل بنانے کی منظوری دی ہے جس کے تحت 56سرکاری اداروں کی معلومات ایک ہی ویب سائٹ پر دستیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

پیر کو انہوں نے سینٹرلائزڈ ای پورٹل کی کارکردگی جاننے کے لئے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،ڈاکٹر سکندر شورو نے کہا کہ یہ ویب سائٹ تین زبانوں (اردو، سندھی اور انگریزی) میں ہوگی تاکہ دیہی اور شہری علاقوں کی عوام یکساں مستفید ہوسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویب سائٹ موبائل اور دیگر اپلیکیشن کے تحت بھی چلائی جاسکے گی۔ اس سے قبل سیکریٹری آئی ٹی رحیم شیخ نے شرکاء کوویب سائٹ کے بارے میں بتایا کہ تمام سرکاری محکموں کو نوکری کے اشتہارات اس ویب سائٹ پر لازمی اپ لوڈ کرنے ہوں گے تاکہ یہاں سے عوام مختلف فارمز ، معلومات اور درخواستیں جمع کرواسکیں۔

اس ویب سائٹ پر انٹرویو، نتائج اور دیگر متعلقہ معلومات بھی حاصل کی جاسکیں گی۔سیکریٹری آئی ٹی نے اجلاس میں موجود شرکاء سے درخواست کی کہ وہ جلد از جلد اپنے متعلقہ محکموں کی انفارمیشن مہیا کریں، تاکہ اس ویب پورٹل کو فعال کیا جائے،اس موقع پر مختلف محکموں کے سیکریٹریز ، ڈائریکٹر انفارمیشن اسلم پرویز جتوئی اوردیگر محکموں کے فوکل پرسن بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :