Live Updates

رینجرز کراچی میں ملک دشمنوں کے خلاف لڑ رہی ہے ،سیاسی دفاتر کو بند کرانا ،کھلوانا انکا کام نہیں ‘ رانا ثناء اﷲ

الطاف حسین اپنی سیاسی موت مر گیا ، متحدہ پر پابندی لگانے کا عمل قانونی طور پر آگے بڑھنا چاہیے ،عمران خان اور طاہر القادری ملک کے دشمن ہیں ، ان کا ایجنڈا ملک میں افراتفری پھیلانا ہے ‘ صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور کی میڈیا سے گفتگو

پیر 29 اگست 2016 20:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنااﷲ خاں نے کہا ہے کہ رینجرز کراچی میں ملک دشمنوں کے خلاف لڑ رہی ہے تاہم سیاسی دفاتر کو بند کرانا اور کھلوانا رینجرز کا کام نہیں ،الطاف حسین اپنی سیاسی موت مر گیا ہے ، متحدہ پر پابندی لگانے کا عمل قانونی طور پر آگے بڑھنا چاہیے ،عمران خان اور طاہر القادری ملک کے دشمن ہیں ، ان کا ایجنڈا ملک میں افراتفری پھیلانا ہے ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رینجرز کی کراچی اور پورے ملک میں کارروائیاں قابل ستائش ہیں تاہم سیاسی دفاتر کو تالا لگانا یا کھلوانا رینجرز کا کام نہیں ، کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ جو دفاتر بند کرائیں وہ لوگوں کے دلوں میں کھل جائیں ۔

(جاری ہے)

سیاسی جماعتوں کا کام سیاسی جماعتوں کو ہی کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کو جماعت اسلامی کو مردہ باد کہنے کے لئے پالا گیا تاہم الطاف حسین اور عمران خان ملک سے غداری کر رہے ہیں ۔

عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری اپنے اپ کو محب وطن ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر وہ اس ملک کے بھی دشمن ہیں اور مسلح افواج کے بھی ۔انہوں نے کہا کہ متحدہ پر پابندی لگانے کا عمل قانونی طور پر آگے بڑھنا چاہیے ،عمران خان کے افراتفری کے ایجنڈے پر دھیان نہیں دیں گے ،عمران خان اور ڈاکٹر طاہرا لقادری کسی نہ کسی بہانے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں تاکہ یہاں افراتفری پھیلے۔ان کا ایجنڈا ملک میں ا فراتفری پھیلانا ہے اور یہ چاہتے ہیں کہ ملک سے اندھیرے ختم نہ ہوں تاہم عوام 2018کے انتخابات میں انہیں اپنے ووٹ سے جواب دیں گے اور انکی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہو جائے گی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات