سیاح خواتین سکرٹ پہننے سے گریز کریں ٗبھارتی وزیر ثقافت

پیر 29 اگست 2016 20:46

سیاح خواتین سکرٹ پہننے سے گریز کریں ٗبھارتی وزیر ثقافت

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء)بھارت کے مرکزی وزیر ثقافت اور سیاحت مہیش شرما نے کہا ہے کہ بیرونی ممالک سے آنے والی خواتین سیاحوں کو اپنے تحفظ کے لیے چھوٹے کپڑے اور سکرٹ پہننے سے گریز کرنا چاہیے۔مرکزی وزیر ثقافت اور سیاحت مہیش شرما نے میڈیا کو بتایا کہ خواتین کو رات کے وقت تنہا باہر نہیں نکلنا چاہیے۔انھوں نے کہا کہ جب بھی بیرونی ممالک کے سیاح انڈیا پہنچتے ہیں تو انھیں اس بارے میں بعض خصوصی مشورے بھی دئیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

مہیش شرما نے کہا کہ جب سیاح ایئر پورٹ پر پہنچتے ہیں تو انھیں کیا کریں اور کیا نہ کریں اس کے لیے ایک پمفلٹ دیا جاتا ہے، اس پر اس طرح کی ہدایات درج ہوتی ہیں کہ اگر آپ کسی چھوٹے شہر میں ہوں تو تنہا نہ پھریں اور سکرٹ نہ پہنیں جس ٹیکسی میں سفر کریں اس کی تصویر لے کر اپنے دوستوں کو بھیج دیں۔انھوں اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ انڈیا ایک ثقافتی ملک ہے اور مندروں میں جانے کے لیے ہمارا ایک مختلف ڈریس کوڈ ہوتا ہے۔ تو برائے مہربانی لباس زیب تن کرتے وقت اس کا خیال رکھیں۔