پی ٹی آئی 3 ستمبر کو لاہور میں اپنی بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرے گی‘ اعجازاحمدچوہدری

شریف خاندان نے ملک کو لوٹنے کے سواکچھ نہیں کیا ،پی ٹی آئی کرپٹ حکمرانوں کے احتساب تک چین سے نہیں بیٹھے گی

پیر 29 اگست 2016 20:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ پی ٹی آئی 3 ستمبر کو لاہور میں اپنی بھرپور طاقت کا مظاہرہ کرے گی ، زندہ دلان لاہورکی عوام میں بھرپور شرکت کرے گی، عوام حکمرانوں کااحتساب چاہتی ہے لیکن حکمران احتساب سے سخت خوفزدہ ہیں،شریف خاندان نے ملک کو لوٹنے کے سواکچھ نہیں کیا ،عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے ، تحریک انصاف کرپٹ حکمرانوں سے نجات اوران کے احتساب تک چین سے نہیں بیٹھے گی، حکمران اپنا بوریا بستر باندھ لیں وہ عوام کے سمندر کے آگے زیادہ دیر ٹھہر نہیں پائیں گے ،کارکنان لاہور کے کونے کونے میں اپنے قائد عمران خان پیغام پہنچائیں ، یونین کونسل کی سطح پر کارنر میٹنگز منعقد کی جائیں اورریلی کو کامیاب بنانے کے لئے کارکن اور رہنماء دن رات ایک کردیں، شاہدرہ سے چیئرنگ کراس تک ریلی نکالی جائے گی، ریلی سے چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار 3 ستمبر کو پاکستان مارچ کے حوالے سے آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم این اے شفقت محمود، ڈاکٹر یاسمین راشد، ایم پی اے مراد راس ،ولید اقبال ، حماد اظہر، ظہیر عباس کھوکھر، اعجازڈیال ،فرخ جاوید مون ،ایم پی اے شعیب صدیقی، ملک اعظم، غلام محی الدین دیوان ،شیخ امتیاز، یاسر گیلانی ، مہر واجد عظیم، جمشید اقبال چیمہ،عاطف چوہدری، ایم پی اے میاں اسلم اقبال ، نذیر چوہان ، محمد مدنی ، چوہدری عبیدالرحمان ،حافظ فرحت عباس ، ثانیہ کامران ، راشد ریاض، چوہدری وسیم ، یاسمین ٹیپو،مرزا عدیل بیگ ، رانا شہزاد سہیل سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں3 ستمبرکے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیااورریلی کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔بھاٹی چوک ، ناصر باغ ، ہائیکورٹ چوک ، ریگل چوک پر استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔ آئی ٹی ایف ، یوتھ ، آئی ایس ایف کے جوان ریلی کی سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے ۔3 ستمبر کے حوالے سے فنانس کمیٹی بھی بنادی گئی ہے 13 قومی اسمبلی کے حلقوں پر مشتمل کمیٹیاں قائم کردی ہیں جو کہ نچلی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنے میں مصروف ہیں اوراستقبالیہ کیمپ کے انچارج مقررکردیئے ہیں۔

ساؤنڈسسٹم ، لائٹس اور پارٹی پرچموں اور پاکستانی جھنڈوں کی تیاری مکمل ہوچکی ہے ریلی کے روٹس پر فلیکسز بھی آویزاں کی جائیں گی ،خواتین کے لئے الگ فلوٹس بنائے جائیں گے اور خواتین کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انصاف لائرز فورم ، لیبرونگ سمیت دیگر شعبوں کو بھی متحرک کیا جائیگا۔