پاکستان صحافیوں کیلئے سب سے زیادہ خطرناک ملک بن چکا ،صحافی انتہائی مشکل ماحول میں کام کر رہے ہیں‘ شہباز میاں

لاہورپریس کلب اور سی پی ڈی آئی کے زیر اہتمام ـصحافیوں کے تحفظ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب

پیر 29 اگست 2016 20:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء) لاہور پریس کلب کے صدر محمد شہباز میاں نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں صحافیوں کے لئے سب سے زیادہ خطرناک ملک بن چکا ہے، بدقسمتی سے پاکستان میں صحافی انتہائی مشکل ماحول میں کام کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور پریس کلب اور سینٹر فار پیس اینڈ ڈویلپمنٹ انیشیٹوز(سی پی ڈی آئی) کے زیر اہتمام صحافیوں کے تحفظ کے موضو ع پر منعقدہ دو روزہ تربیتی ورکشاپ کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نائب صدر لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجداور صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شہباز میاں نے کہا کہ میڈیا استحکام اور جمہوریت لانے والی ایک طاقت ہے کیونکہ یہ عوام کومتوازن اور حقیقی معلومات تک رسائی دے کر جمہوری اور آزاد معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتی ہے، لیکن جمہوریت لانے والی اس طاقت کے تحفظ کے حالات بہت پریشان کن ہیں۔

(جاری ہے)

گذشتہ دہائی میں بہت سے صحافی مارے جا چکے ہیں جو آزادی اظہار کی خلاف ورزی ہے تاہم حفاظتی ہدایات اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے صحافتی ذمہ داریاں ادا کرنے میں درپیش خطرا ت کو کم کیاجا سکتا ہے۔ اس مقصد کے تحت یہ پروگرام صحافیوں کو رہنمائی فراہم کرنے کے لئے شروع کیا گیا ہے تا کہ وہ جسمانی اور تکنیکی ہدایات کے ذریعے اپنے تحفظ کو مقدم رکھ کر اپنے صحافتی فرائض سرانجام دے سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہور پریس کلب کے نائب صدر عبدالمجید ساجد نے کہا کہ صحافیوں کو چاہیے کہ اپنے فرائض سرانجام دینے کے دوران اپنی حفاظت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کریں اور سب سے پہلے اپنی حفاظت مقدم رکھیں۔ اس تربیتی ورکشاپ میں صحافیوں کو دشوار علاقوں اور مشکل صورتحال میں حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے رپورٹنگ کرنے کی تربیت دی گئی ہے۔

بہت سے صحافیوں بالخصوص تنازعہ والے علاقوں سے رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو درپیش چیلینجز سے نمٹنے کیلئے بھی تربیت دی گئی ہے جنہیں مختلف خطرات اور حملوں کا سامنا کرناپڑتا ہے۔ صحافیوں کی اس تربیتی ورکشاپ میں صحافی شاہد اسلم ، احسن رضا،علی عثمان،ناصرزیدی ،طارق سکندر،حافظ شہبازعلی ، روبی رزاق،ثناء آصف،طیب رضا،محسن بلال،علی عارف سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :