Live Updates

حکومت نے ایم کیو ایم کے معاملے پر ذمہ داریوں سے چشم پوشی کی ،وزراء بھی خاموش رہے ‘عبدالعلیم خان

تحریک انصاف کی 3ستمبر کی ریلی حکمرانوں کے ہوش اڑا دے گی ،احتساب کرنا پڑے گا ‘صدر تحریک انصاف سنٹرل پنجاب

پیر 29 اگست 2016 20:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء ) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حکومت نے دانستہ طور پر ایم کیو ایم کے معاملے پر اپنی ذمہ داریوں سے چشم پوشی کی ہے وزیر اعظم سمیت وزراء کی خاموشی پر اسرار ہے عمران خان کے خلاف بھانت بھانت کی بولیاں بولنے والوں کو اس اہم مسئلے پر اپنا موقف دینے کی بھی توفیق نہیں ہوئی ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ کی خاموشی ایم کیو ایم کیلئے تقویت کا باعث بن رہی ہے اور حالات اتنی تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں کہ صورتحال مزید خرابی کی طرف بھی جا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ریاست کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا چاہئیں لیکن حکومت صرف اپنی سیاست بچانے کی کوشش میں رینجرز اور دیگر قومی اداروں کو تنہا کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف اٹھنے والی کسی بھی آواز کو سختی سے دبانا چاہیے لیکن حکومت کہیں نظر نہیں آرہی ۔ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نا اہلی ہر معاملے میں کھل کر سامنے آ چکی ہے یہ صرف کرپشن کرنے کے ماسٹر ہیں جس کے خلاف 3ستمبر کو تحریک انصاف کی لاہور سے نکلنے والی ریلی حکمرانوں کے ہوش اڑا دے گی اور انہیں ہر قیمت پر احتساب پر مجبور کر دیا جائے گا شعیب صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام ونگز اس ریلی کیلئے بھرپور تیاریاں کریں گے اور انشا ء اﷲ یہ ایک تاریخی ریلی ثابت ہو گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات