امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے‘شہبازشریف

پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے امن و امان کے قیام اور جرائم کی بیخ کنی کیلئے اپنے فرائض محنت اور جانفشانی سے سرانجام دیں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے‘وزیراعلیٰ پنجاب

پیر 29 اگست 2016 20:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا قیام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور اپنے فرائض محنت اور جانفشانی سے سرانجام دیں۔

صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور جرائم خصوصاً سنگین جرائم کی بیخ کنی کیلئے موثر حکمت عملی اپناتے ہوئے اس پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سینئر پولیس افسران اپنے اپنے علاقوں میں امن و امان کے قیام اور جرائم کی بیخ کنی کا جائزہ لینے کے حوالے سے باقاعدگی سے اجلاس منعقد کریں اور عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے اپنے دفاتر کے دروازے کھلے رکھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اورعوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایاجائے۔ اجلاس میں معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ اور متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :