’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت صوبہ بھر میں اربوں روپے کی لاگت سے 25 ہزار سے زائد اضافی کمرے تعمیر کئے جائینگے،پہلے مرحلے میں 10 ہزار سے زائد اضافی کمروں کی تعمیر کا پروگرام بنایا گیا ہے، آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جائے گا

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے حوالے سے اجلاس سے خطاب

پیر 29 اگست 2016 19:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے تحت صوبہ بھر کے سکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مجموعی طور پر دوبرس میں25 ہزار سے زائد اضافی کمرے تعمیر کئے جائیں گے اور اس پروگرام پر اربوں روپے خرچ کئے جائیں گے۔

پروگرام پر عملدرآمد مرحلہ وار ہوگا اور اس کا آغاز رواں برس جنوبی پنجاب سے کیا جائے گا۔وہ پیر کو یہاں ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ کے مختلف امور کا جائزہ لینے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ اور طلبا و طالبات کو جدید سہولتوں کی فراہمی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے اور تعلیمی اداروں میں بڑی حد تک یہ سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’خادم پنجاب سکولز پروگرام‘‘ حکومت پنجاب کا ایک اور انقلابی اقدام ہے جس پر عملدرآمد سے طلبا و طالبات کو بہتر تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی اور وہ زیادہ دلجمعی سے اپنی توجہ تعلیمی سرگرمیوں پر مرکوز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں صوبے کے مختلف سکولوں میں 10 ہزار سے زائد کمروں کی تعمیر کا پروگرام بنایا گیا ہے اور اس کا آغاز جنوبی پنجاب کے اضلاع سے کیا جا رہا ہے۔ اربوں روپے کے اس منصوبے کے تعلیمی شعبے کی بہتری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور طلبا و طالبات کو مزید بہتری تعلیمی سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے محکمہ تعمیرات و مواصلات کو اس پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمروں کی تعمیر میں معیار کو ہر قیمت پر یقینی بنایاجائے اور اس ضمن میں مانیٹرنگ کا موثر نظام بھی وضع کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کو جلد عملی جامہ پہنانے کیلئے تمام ضروری امور کو جلد طے کیا جائے اور متعلقہ ادارے اس ضمن میں تیزی سے کام کریں۔ اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان، چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعلیم اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات بیرون ملک سے وائبرکے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :