پنجاب حکومت نے اورنج ٹرین منصوبے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کیلئے اپیل تیار کرلی

وزیراعلی سے حتمی مشاورت کے بعد سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جائیگی‘اورنج ٹرین منصوبے کے سپریم کورٹ میں دفاع کیلئے سینئر قانون دان خواجہ حارث اور مخدوم علی خان کی کروڑوں روپے فیس کے عوض خدمات حاصل کر لی گئیں ہیں ‘ذرائع

پیر 29 اگست 2016 19:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) پنجاب حکومت نے اورنج ٹرین منصوبے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کیلئے اپیل تیار کرلی ، وزیراعلی سے حتمی مشاورت کے بعد سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جائیگی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے اورنج ٹرین منصوبے کے سپریم کورٹ میں دفاع کیلئے سینئر قانون دان خواجہ حارث اور مخدوم علی خان کی کروڑوں روپے فیس کے عوض خدمات حاصل کر لی ہیں وکلا نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل تیار کی ہے ، پنجاب حکومت نے اپیل میں موقف اختیار کیا ہے کہ اورنج ٹرین منصوبے کیخلاف درخواست گزاروں نے سات اعتراضات کے ساتھ لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جن پر عدالت عالیہ میں تفیصلی دلائل دیئے اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے منصوبے کیلئے اراضی ایکوائر کرنے کیلئے تمام قواعد و ضوابط پورے کئے جبکہ پی سی ون ، ٹو اور تھری بھی قانون کے مطابق ہی حاصل کئے لیکن عدالت عالیہ نے تمام پی سیز مسترد کئے اور اس کی ٹھوس وجوہات بھی تحریر نہیں کیں اپیل میں کہا گیا کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی وجہ سے چینی بینک نے قرضے کی مزید اقساط روک لی ہیں ، اورنج ٹرین مفاد عامہ کا منصوبہ ہے جس پر اربوں روپے لاگت آ چکی ہے حکومت نے منصوبے کی زد میں آنے والے تاریخی مقامات کے تحفظ کیلئے بھی اقدامات کئے ہیں، اپیل میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم کرتے ہوئے پنجاب حکومت کو اورنج ٹرین منصوبہ مکمل کرنے کی اجازت دی جائے۔