وزیرِ اعظم نے وفاقی دارالحکومت کو مزید خوبصورت اور شہری سہولیات سے آراستہ شہر بنانے کیلئے 5 ارب روپے کا خصوصی پیکج دیا ہے،شہر کی تمام بڑی شاہراؤں کے علاوہ اسلام آباد کے پارکوں کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے، اسلام آباد کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے شہریوں کے علاوہ بچوں کو ماحولیاتی آگاہی کے لیے پودوں کی افادیت کو نصاب کا حصہ بنایا جائے گا

وزیرِ مملکت کیڈ طا رق فضل چوہدری کا سی ڈی اے کی موسم برسات کی شجرکاری مہم 2016کا افتتاح کرنے کے موقع پرخطاب

پیر 29 اگست 2016 19:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء ) وزیرِ مملکت برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) ڈا کٹر طا رق فضل چوہدری نے سید پور رینج نزد ما رگلہ روڈ پر گرین بیلٹ میں پودا لگا کر سی ڈی اے کی موسم برسات کی شجرکاری مہم 2016کا افتتاح کر دیا ۔شجرکاری مہم میں اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز اور ڈپٹی میئر رفعت جاوید اور اعظم خان نے بھی پودے لگائے جبکہ مختلف ممالک کے سفیروں اور مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر نے بھی پودے لگا کر مہم میں حصہ لیا۔

اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر انوائرنمنٹ و فنانس ثناء اﷲ امان اور افسران کے علاوہ سی ڈی اے کے دیگر ملازمین بھی موجودتھے جنہوں نے گرین بیلٹ پر پودے لگا کر شجر کاری مہم میں حصہ لیا۔ مختلف این جی اوز،چیمبر آف کامرس، سکولوں کے بچوں اور دیگر سرکاری دفاتر کے ملازمین نے بھی بڑی تعداد میں پودے لگائے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) ڈا کٹر طا رق فضل چوہدری نے کہاکہ پودے لگانا اور ان کی حفاظت کرنا صدقہ جاریہ ہے اور اس لئے اسلام آبا کے تمام شہریوں کو چاہیے کہ وہ سی ڈی اے کی اس مہم میں بڑھ چڑ ھ کر حصہ لیں تا کہ اسلام آباد کو مزید سر سبز و شاداب اور خوبصورت بنا یا جا سکے۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد کو ماحول دوست شہر بنانے کے لیے تمام بڑی شاہراؤں اور رہائشی علاقوں میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں ۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کو سر سبز و شاداب بنانے کے لیے شہریوں کے علاوہ بچوں کو ماحولیاتی آگاہی کے لیے پودوں کی افادیت کو نصاب کا حصہ بنایا جائے گا جبکہ اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کے لیے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان نے اسلام آباد کو مزید خوبصورت ،سر سبز و شاداب اور شہری سہولیات سے آراستہ شہر بنانے کے لیے پانچ ارب روپے کا خصوصی پیکج دیا ہے جس کے تحت اسلام آباد کی تمام بڑی شاہراؤں کے علاوہ اسلام آباد کے پارکوں کو بھی اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ وزیر مملکت برائے کیڈ ڈا کٹر طا رق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد کو ما ڈل شہر بنانے کے لئے سی ڈی اے اور میٹروپولیٹن کا پوریشن مل کر کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے پولن الرجی کے مسئلے کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کے لئے ایک جا مع حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے جس تے تحت پولن الرجی کے مو جب درختوں کو مر حلہ وار ختم کر کے ان کی جگہ سی ڈی اے اسلام آباد کے ہر سیکٹر میں سایہ دار اور پھلدار پودے لگائے گا جن میں چیڑ، پائن ، کچنار، املتاس، دہریک ، جیکرانڈہ، زیتون اور جامن وغیرہ شامل ہیں۔

سی ڈی اے کی شجر کاری مہم میں اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے پودا لگانے کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کو دنیا کا جدید دارالحکومت بنانے کے لیے پر عزم ہے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تجاویز دیں تاکہ اس مہم سے زیادہ سے زیادہ تنائج حاصل ہو سکیں۔ اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبر انوائرنمنٹ و فنانس ثناء اﷲ امان نے منسٹرآف سٹیٹ برائے کیڈ ڈا کٹر طا رق فضل چوہدری کو بتایا کہ موسم برسات شجر کاری مہم میں سیکٹر سٹیزن کمیٹیوں ، تاجروں، تعلیمی اداروں، این جی اوز اور ماحول دوست افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شجر کاری مہم کے دوران شہریوں کی بھر پور آگاہی کے لئے بینرز، پوسٹرزاور معلوماتی لٹریچر شہریوں میں تقسیم کیا جائے جا رہا ہے جبکہ الیکڑانک اور پرنٹ میڈیا سے بھی مدد لی جائے گی تاکہ لوگوں کو شجرکاری کے فوائد سے متعلق آگاہ کیا جا سکے جبکہ شہر کے مختلف حصوں میں شجر کاری مراکزبھی قائم کئے جا رہے ہیں جہاں سے معلوماتی لٹریچر کے علاوہ ارزاں نرخوں پر مختلف اقسام کے پودے بھی دستیاب ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ رواں شجر کاری مہم میں تین لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال لگائے جانے والے پودوں کی افزائش کو یقینی بنانے کے لیے موئثر نگرانی کی جائے گی جبکہ اسلام آباد کے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ مارگلہ ہلز اور سملی ڈیم کے کیچمنٹ ایریاء میں پودے لگائے جائیں گے۔ افتتاحی تقریب میں وزیرِ مملکت بے شجر کاری مہم میں حصہ لینے اور انتظامات کرنے والوں کے علاوہ مہمانوں کو سرٹیفکیٹ بھی دیئے۔

متعلقہ عنوان :