تاجر پیشہ وزیر اعظم نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ،حکمران ترقیاتی منصوبوں کی آڑ میں اپنی آف شور کمپنیاں بنا کر اس ملک کے عوام کی خون پسینے کی کمائی لوٹ کر انہیں دلدل میں دھکیل رہے ہیں

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشیداحمد کی ملتان میں تاجروں کے وفد سے ملاقات اور گفتگو

پیر 29 اگست 2016 19:23

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ تاجر پیشہ وزیر اعظم نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے جو کہ ایک قومی المیہ ہے۔ ترقیاتی کاموں کی مد میں گمراہ کن پراپیگنڈہ کرنے کے بعد سرکاری وسائل سے اربوں روپے ایسے منصوبوں پر خرچ کیے جا رہے ہیں جن سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں بلکہ حکمران ان منصوبوں کی آڑ میں اپنی آف شور کمپنیاں بنا کر اس ملک کے عوام کی خون پسینے کی کمائی لوٹ کر انہیں ہر طلوع ہونے والے سورج کے ساتھ ساتھ مزید دلدل میں دھکیل رہے ہیں۔

وہ گذشتہ روز ملتان آمد پروائس چیئر مین آل پاکستان انجمن تاجران محمد ادریس بٹ کی قیادت میں آنے والے تاجروں کے ایک نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

شیخ رشیداحمد نے کہا کہ مسلسل چار سال سے ایک جمہوری حکومت کھربوں روپے کے خسارے کا بجٹ پیش کرتی آ رہی ہے اور یہ خسارہ صرف عوام کے لئے ہے جبکہ اپنے عیاشیوں پرسرکاری خزانہ کے بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ہر فورم پر تاجروں کے حقوق کے لئے آواز بلند کرتے رہے ہیں اور ہمیشہ تاجروں کے شانہ بشانہ کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ہر محاذ ہر ڈٹے رہیں گے۔ اس موقع پر وائس چیئر مین آل پاکستان انجمن تاجران محمد ادریس بٹ نے انہیں تاجر برادری کی جانب سے یقین دلایا کہ وہ تاجر برادری کے حقوق کے لئے ہر اس جماعت کے ساتھ کھڑے ہوں گے جو ان کے حقوق کے تحفظ کی ضمانت دے گی اور ناجائز ٹیکس، لوڈ شیڈنگ،ودہولڈنگ ٹیکس جیسے گھمبیر مسائل سے نجات دلائے گی۔

متعلقہ عنوان :