بھارتی وزیر ثقافت نے غیر ملکی خواتین سیاحوں کوسکرٹ پہننے سے گریز کرنے کا مشورہ دیدیا

پیر 29 اگست 2016 14:43

آگرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 اگست ۔2016ء) بھارت کے مرکزی وزیر ثقافت اور سیاحت نے بیرونی ممالک سے آنے والی خواتین سیاحوں کومشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے تحفظ کے لیے چھوٹے کپڑے اور سکرٹ پہننے سے گریز کریں۔بھارتی میڈیا کے مطابق آگرہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواتین اور سیاحوں کے تحفظ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں مرکزی وزیر ثقافت اور سیاحت مہیش شرما کا کہنا تھا کہ خواتین کو رات کے وقت تنہا باہر نہیں نکلنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ جب بھی بیرونی ممالک کے سیاح بھارت پہنچتے ہیں تو انھیں اس بارے میں بعض خصوصی مشورے بھی دیے جاتے ہیں۔مہیش شرما نے کہا کہ جب سیاح ایئر پورٹ پر پہنچتے ہیں تو انھیں کیا کریں اور کیا نہ کریں اس کے لیے ایک پمفلٹ دیا جاتا ہے، اس پر اس طرح کی ہدایات درج ہوتی ہیں کہ اگر آپ کسی چھوٹے شہر میں ہوں تو تنہا نہ پھریں اور سکرٹ نہ پہنیں۔

(جاری ہے)

جس ٹیکسی میں سفر کریں اس کی تصویر لے کر اپنے دوستوں کو بھیج دیں۔انکا کہنا تھا کہبھارت ایک ثقافتی ملک ہے اور مندروں میں جانے کے لیے ہمارا ایک مختلف ڈریس کوڈ ہوتا ہے۔ تو برائے مہربانی لباس زیب تن کرتے وقت اس کا خیال رکھیں۔ واضح رہے کہ آگرہ شہر تاج محل اور فتح پور سیکری میں مغلیہ دور کی تعمیرات دیکھنے کے لیے آنے والے سیاحوں کا رش رہتا ہے جہاں بیرونی ممالک کے بھی سیاح بڑی تعداد میں آتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مرکزی وزیر مہیش شرما نے کہا کہ وہ سیاحوں سے یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ وہ کیا پہنیں اور کیا نہیں لیکن اپنے تحفظ کے مقصد سے انھیں احتیاط برتنی چاہیے۔بھارتی میڈیا میں مرکزی وزیر کے اس بیان کے کافی تذکرے ہیں اور مختلف ویب سائٹوں پر اس پر نکتہ چینی سے پر خبریں بھی شائع ہو رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :