میرکل چوتھی مرتبہ چانسلر نہ بنیں،پچاس فیصد جرمن عوام کی رائے

پیر 29 اگست 2016 12:36

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء) ایک تازہ عوامی جائزے میں کہاگیا ہے کہ پچاس فیصد جرمن عوام میرکل کے چوتھی بار چانسلر بننے کی خلاف ہیں۔ جائزے کے مطابق جرمنی میں مہاجرین کے بحران اور متعدد دہشت گردانہ حملوں کے نتیجے میں میرکل کی عوامی حمایت میں کمی واقع ہوئی ہے۔اس سروے کے نتائج کے مطابق پچاس فیصد عوام چاہتے ہیں کہ میرکل چوتھی مرتبہ چانسلر کے عہدے پر براجمان نہ ہوں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق اس سروے میں پولنگ کمپنی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پانچ سو ایک افراد کی رائے معلوم کی اور پھر اِس کا مجموعی جرمن آبادی پر اطلاق کیا گیا۔رائے دہندگان کے مطابق مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے میرکل کی پالیسی درست نہیں ہے، جس کی وجہ سے انہوں نے میرکل کو مسترد کیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ برس جرمنی آنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کی تعداد ایک ملین رہی۔

اس بحران کے آغاز پر جرمن حکومت اور عوام نے مہاجرین کو خوش آمدید کہا لیکن بعدازاں دہشت گردانہ حملوں کے نتیجے میں بہت سے ووٹرز میرکل کی مہاجر دوست پالیسی پر سوالات اٹھانے لگے۔اب یہ صورتحال ہے کہ آئندہ برس وفاقی انتخابات میں میرکل کو پریشانیاں لاحق ہو سکتی ہیں۔ سروے کے نتائج کے مطابق البتہ بیالیس فیصد رائے دہندگان نے میرکل پر اعتماد کا اظہار کیا۔یہ امر اہم ہے کہ میرکل کو مہاجر دوست پالیسی پر نہ صرف عوام کی طرف سے تنقید کا سامنا ہے بلکہ ان کی سیاسی اتحاد میں شامل متعدد سیاستدان بھی انہیں اس تناظر میں تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :