جرمن چانسلر نے مسلم مہاجرین پر پابندی مسترد کر دی

پیر 29 اگست 2016 12:36

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 اگست ۔2016ء) جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اْن ملکوں کو ہدف تنقید بنایا ہے، جو مسلمان تارکین وطن قبول کرنے سے انکاری ہیں۔ یورپی یونین کے کئی ملکوں کا اس مناسبت سے یکساں موقف ہے۔جرمن چانسلر نے مقامی ٹی وی کو انٹرویودیتے ہوئے کہاکہ وہ پرامید ہیں کہ یورپی یونین کی رکن ریاستیں مہاجرین کی آبادکاری کے معاملے پر کسی ڈیل کو طے کر لیں گی۔

انہوں نے کہاکہ ہر رکن ملک کو اِس معاملے میں اپنا حصہ ادا کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اِس گفتگو میں انہوں نے ایسا اشارہ بھی دیا کہ بعض یورپی ملکوں کو کم مہاجرین قبول کرنے کا اختیار دیا جا سکتا ہے اور وہ اسی صورت میں ہو گا کہ ایسے ملک مہاجرین کے معاملے میں زیادہ مالی تعاون کریں۔اپنی اِس گفتگو میں جرمن چانسلر نے اپنا وہ سابقہ موقف ایک مرتبہ پھر دہرایا کہ مذہب کی بنیاد پر مہاجرین کے راستے بند کرنا درست نہیں ہے۔انہوں نے اِس پر زور دیا کہ مسلمان تارکین وطن کو پناہ دینے کے حوالے سے بحث و تمحیص کا سلسلہ جاری رکھنا از حد ضروری ہے اور یہ سلسلہ انسانی ہمدردی کی بنیاد سے ہٹ کر ہونا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :