ویران جزیرے میں پھنسے جوڑے نے ریت پر ایس او ایس لکھ کر جان بچا لی

Ameen Akbar امین اکبر اتوار 28 اگست 2016 23:30

ویران جزیرے میں پھنسے جوڑے نے  ریت پر ایس او ایس لکھ کر جان بچا لی

ویران جزیروں کے ساحل کی ریت پر ایس او ایس یا ہیلپ لکھ کر مدد مانگنا صرف ہالی ووڈ کی فلموں میں ہی نہیں ہوتا بلکہ یہ طریقہ عام افراد کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
یو ایس کوسٹ گارڈ کے مطابق مائیکرونیسیا کے ایک جزیرے پر پھنسا جوڑا بھی کچھ ایسی ہی صورت حال کا شکار ہوگیا تھا تاہم وہ ریت پر ایس او ایس لکھ کر مشکل سے نکل آیا۔
یو ایس نیوی ائیر کرافٹ نے دو گمشدہ افراد کی تلاش کے دوران ایک غیرآباد ایسٹ فایو آئی لینڈ سے روشنی نکلتے دیکھی ۔

اس کے بعد پائلٹ نے جزیرے کی طرف دیکھا تو اسے ساحل پر فوراً ہی دو افراد ، کشتی اور ریت پر ایس او ایس لکھا نظر آیا، ایس او ایس لکھا دیکھ کر پائلٹ نے فوراً ہی پیٹرول بوٹ کو ان کی طرف روانہ کر دیا۔
کولونیا کے امریکی سفارت خانے نے فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ لائنس اور سبینا جیک کے لیے سرچ اینڈ ریسکو آپریشن کامیابی سے مکمل ہوگیا۔

(جاری ہے)

وہ گھر جانے کے لیے بحری جہاز کا انتظار کرتے پائے گئے۔


کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ یہ جوڑا وینو آئی لینڈ سے فیڈریٹڈ سٹیٹ آف مائیکرونیسیا کے ٹاماٹم آئی لینڈ جا رہا تھا لیکن محدود رسد اور ایمرجنسی آلات نہ ہونے کے باعث ویران جزیرے میں پھنس گیا۔ بحرالکاہل میں واقع فیڈریٹڈ سٹیٹ آف مائیکرونیسا 600جزائر پر مشتمل ایک ملک ہے۔
یہ تو معلوم نہیں ہوسکا کہ جزیرے میں پھنسے جوڑے کی حالت کیسی ہے مگر ایک تصویر میں جزیرے پر پناہ گاہ نظر آ رہی ہے اور جوڑا ساحل پر کھڑا ہے۔
2015 میں بھی ایک برطانوی سیاح ، جو آسٹریلیا میں گم ہوگیا تھا، کو ریت پر HELPلکھے دیکھ کر بچایا گیا تھا۔اس کے علاوہ مزید کئی لوگوں کو بھی ریت پر ہیلپ لکھے دیکھ کر بچایا جا چکا ہے۔