سعودی عرب فوری طور پر اپنا سفیر تبدیل کرے: عراق کا مطالبہ

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 28 اگست 2016 23:29

سعودی عرب فوری طور پر اپنا سفیر تبدیل کرے: عراق کا مطالبہ

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28اگست۔2016ء) عراق اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی کشیدگی ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔ عراق نے سعودی عرب کو کہا ہے کہ وہ بغداد میں تعینات اپنا سفیر فوراً تبدیل کرے۔

(جاری ہے)

عراقی وزارت خارجہ کے ترجمان احمد جمال نے ایک امریکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق کی حکومت نے سعودی عرب کو باضابطہ ایک درخواست دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بغداد میں ان کے تعینات سفیر ثمر الشعبان کی سرگرمیوں سے عراق میں شعیہ سنی فسادات پھوٹنے کا خطرہ ہے، لہذا انہیں فوراً تبدیل کر دیا جائے۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ دنوں سعودی سفیر نے عراق میں ایرانی مداخلت کے حوالے سے حقائق کے منافی گفتگو کی جس کی وجہ سے عراقی عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور حکومت پر دباؤ بڑھتا جا رہا تھا کہ ہم باضابطہ سعودی عرب سے درخواست کریں کہ وہ اپنا سفیر تبدیل کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں دینگے کہ وہ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے۔