سعودی شاہ سلمان کا سرکاری حج اسکیم کے تحت 1400 عازمین حج کی میزبانی کا حکم

سرکاری میزبانی کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے خوش نصیبوں کا تعلق براعظم ایشیا، افریقا اور یورپ سے ہے ، خصوصی مہمانوں کے حج انتظامات کی سرپرستی وزارت مذہبی امور و شعبہ دعوت ارشاد کرے گا، الشیخ صالح بن عبدالعزیز

اتوار 28 اگست 2016 22:30

سعودی شاہ سلمان کا سرکاری حج اسکیم کے تحت 1400 عازمین حج کی میزبانی کا ..

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28اگست۔2016ء) سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے60 ممالک کے 1400 مسلمانوں کے سرکاری اخراجات پرحج کے انتظامات کا حکم دیدیا، سعودی عرب کی سرکاری میزبانی کے تحت فریضہ حج ادا کرنے والے خوش نصیبوں کا تعلق براعظم ایشیا، افریقا اور یورپ سے ہے جو 1437ھ کے حج کے موقع پر سعودی عرب کی خصوصی دعوت پر فریضہ حج ادا کریں گے، سعودی عرب کے خصوصی مہمانوں کے حج کے انتظامات کی سرپرستی وزارت مذہبی امور و شعبہ دعوت ارشاد کرے گا۔

سعودی میڈیا کے مطابق وزارت مذہبی امور کے وزیراور خادم الحرمین حج پروگرام کے نگران الشیخ صالح بن عبدالعزیز بن محمد آل الشیخ نے بتایا کہ شاہ سلمان کی طرف سے ڈیڑھ ہزار مسلمانوں کے خصوصی حج کا اعلان اسلامی اخوت و بھائی چارے، باہمی محبت و بھلائی کے جذبے کا عکاس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مشرق و مغرب میں بسنے والے 1400 مسلمانوں کو اس سال فریضہ حج کے لیے خصوصی طورپر مدعو کرکے عالم اسلام سے اپنی ہمدردی اور جذبہ اخوت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز عالم اسلام میں اتحاد اور یگانگت کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ یہی وجہ ہے وہ شرق وغرب کے تمام مسلمانوں کے ساتھ رابطوں کے فروغ کو اہمیت دیتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سعودی وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین الشریفن کی طرف سے خصوصی حج اسکیم کے شروع ہونے کے بعد اب تک اس پروگرام سے 24 ہزار مسلمان حج ادا کرچکے ہیں۔

آل الشیخ کا کہنا تھا کہ خادم الحرمین حج اسکیم کے تحت انڈونیشیا، ملائیشیا، فلپائن، بھارت، پاکستان، ترکی، بنگلادیش، سری لنکا، تھائی لینڈ، افغانستان، برما، مالدیپ، نیپال، نائیجریا، سینیگال، ایتھوپیا، کیمرون، صومالیہ، گانا، چاڈ، مالی، ساحل العاج، نیجر،جنوبی افریقا، کینیا، وسطی افریقا، بورکینا فاسو، اریٹیریا، کونگو، برازفیل، سیرالیون، زمبابوے، جزائر القمر، توگو، بوزوانا، جنوبی سوڈان، مقدونیا، بوسنیا، ھرسک، یوکرائن، قرغیزستان، ازبکستان، تاجکستان، کازکستان، ترکمانستان، آذر بائیجان، فجی، البانیا، کوسوو، سیشل، بیسا، مڈگاسقر یوگنڈا، بنین، گینیا، کوناکری، موزنبیق، بوروندی، رینیون، ملاوی اور زامبیا کے مسلمانوں کو دعوت دی گئی ہے۔