”بیٹا! آپ غریب کیلئے بے پناہ محنت سے کام کر رہے ہو“

بزرگ خواتین کی وزیراعلیٰ شہبازشریف کو دعائیں، سر پر ہاتھ رکھ کر پیار کیا

اتوار 28 اگست 2016 21:06

”بیٹا! آپ غریب کیلئے بے پناہ محنت سے کام کر رہے ہو“

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28اگست۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اتوار کو بغیر پیشگی اطلاع اور بغیر کسی پروٹوکول کے اچانک پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچے ۔وزیراعلیٰ کے دورے کا علم ہسپتال انتظامیہ اور میڈیا سمیت کسی کو نہ تھا۔وزیراعلیٰ کا یہ دورہ اتنا خفیہ تھا کہ انسٹی ٹیوٹ کے ایم ایس بھی بے خبر رہے اور وہ وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران وہاں پہنچے۔

مریضوں اوران کے اہل خانہ نے مسائل کے حل کیلئے فوری احکامات جاری کرنے پر وزیراعلیٰ کو دعائیں دیں اور علاج معالجے کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تیماردار اور زیرعلاج بزرگ خواتین نے وزیراعلیٰ کے سر پر ہاتھ رکھ کر پیار کیا اور انہیں ڈھیروں دعائیں دیں۔ ایک زیرعلاج بزرگ خاتون نے وزیراعلیٰ کے سر پر پیار کرتے ہوئے کہا کہ بیٹا آپ غریب کیلئے بے پناہ کام کر رہے ہو، ہماری دعائیں ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ آپ کو صحت اور درازی عمر عطا فرمائے۔ مجھے بے پناہ خوشی ہوئی ہے کہ آپ مریضوں کو دیکھنے ہسپتال آئے ہیں۔ زیرعلاج مریضوں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا ایک جدید ہسپتال ہے جہاں دل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بہترین سہولتیں میسر ہیں، تاہم رش کے باعث بعض مسائل پیدا ہو جاتے ہیں جس پر وزیراعلیٰ نے نئے ایمرجنسی بلاک کے جلد آغاز کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران لوگ جمع ہوگئے اورانہوں نے وزیراعلیٰ کو علاج معالجے کے علاوہ مالی مشکلات اوردیگر مسائل کے حوالے سے بتایا، جس پر وزیراعلیٰ نے ضروری ہدایات دیں اوران کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :