Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا ترکی سے واپسی کے فوری بعد بغیر پروٹوکول پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ

پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں نیا ایمرجنسی بلاک تیار، جلد افتتاح کر دیا جائے گا،ہسپتالوں کی بہتری کا بیڑہ اٹھا لیا ہے ، خود طبی سہولتو ں کی فراہمی اور دیگر امور کا جائزہ لینے کیلئے دورے کر رہا ہوں،طبی عملے کو حقیقی معنوں میں مسیحا بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے،عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کا حق دیں گے،وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف وزیراعلیٰ نے مریضوں اور انکے لواحقین سے علاج معالجے کی سہولتوں بارے دریافت کیا ، ایمرجنسی میں مریضوں کی عیادت کی

اتوار 28 اگست 2016 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28اگست۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ترکی کے دورے سے واپسی کے فوری بعد اتوار کو بغیر پروٹوکول پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ہسپتال پہنچے اور ایمرجنسی وارڈ کے باہر موجود مریضوں کے لواحقین سے علاج معالجے کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔

انہو ں نے ایمرجنسی میں مریضوں کی عیادت کی اور مریضوں کو ایمرجنسی میں علاج معالجے کے حوالے سے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے بعض مریضوں کے علاج معالجے کیلئے ہسپتال انتظامیہ کو ضروری ہدایات بھی دیں۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی جدید لیب کا بھی دورہ کیا اورمریضوں کے تشخیصی ٹیسٹوں کیلئے جدید سہولتوں سے آراستہ لیبارٹری کی کارکردگی کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے واش رومز میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کے بہتر انتظامات پر شاباش دی۔بعض مریضوں اوران کے لواحقین نے وزیراعلیٰ سے مفت علاج معالجے اور مالی امداد کی درخواست کی،جس پر وزیراعلیٰ نے موقع پر ہی غریب مریضوں اوران کے لواحقین کے لئے مفت علاج معالجے اور مالی امداد کا اعلان کیااوراس ضمن میں انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کیں ۔

مریضوں اور ان کے لواحقین نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی علاج معالجے کی سہولتوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ یہ پاکستان کا بہترین ہسپتال ہے اور یہاں مشینری بھی جدید ترین موجود ہے ، ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں میسر ہیں لیکن مریضوں کا رش زیادہ ہے جس کے باعث بعض اوقات علاج معالجے میں مشکل پیش آتی ہے اور ڈاکٹر بھی رش کے باعث پوری طرح توجہ نہیں دے پاتے لہٰذا آپ ایمرجنسی میں بیڈز کی تعداد میں اضافہ کریں جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہسپتالوں میں عام آدمی کو معیاری سہولتوں کی فراہمی میرا مشن ہے اور میں اس مقصد کیلئے ذاتی طور پر ہسپتالو ں کے اچانک دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں اور آج بھی میں بغیر کسی پیشگی اطلاع مریضوں کو دیکھنے اور علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لینے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہسپتال غریب مریضوں کے علاج معالجے کیلئے بنائے گئے ہیں اوران غریب مریضوں کا بھی معیاری طبی سہولتوں پر پورا حق ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں خود ہسپتالوں میں جا کر مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لے رہا ہوں۔عام آدمی کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کا حق ہر صورت دیں گے۔

انہو ں نے کہا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مریضوں کے رش کے باعث نیا ایمرجنسی بلاک تیار کیا گیا ہے جس کا جلد افتتاح کر دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نئے ایمرجنسی بلاک کو جلد سے جلد فنکشنل کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عام آدمی کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی اور ہسپتالو ں کی بہتری کا بیڑہ اٹھایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو حقیقی معنوں میں مسیحا بن کر دکھی انسانیت کی خدمت کرنی چاہیئے۔اس موقع پر مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان پا کر انہیں درازی عمر کی دعائیں دیں۔ بزرگ خواتین نے وزیراعلیٰ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ جس طرح دکھی انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں، اللہ آپ کو اس کا ضرور اجر دے گا۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایم ایس بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات