فاروق ستار کا ایم کیو ایم سے لاتعلقی کا اعلان اچھی بات ہے ،لاتعلقی چھپ نہیں سکتی‘ دس روز میں سب کچھ سامنے آجائے گا‘ کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے ہمسایہ ممالک ہمارے مخالف ہیں‘ ایک طرف الطاف حسین ‘ براہداغ بگٹی دوسری طرف بھارت ہے‘ عوام کو حکومت کی ناکامیوں سے آگاہ کرنا ہوگا ، حکومتی کسان پالیسی ناکام ہوچکی ہے

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 28 اگست 2016 20:48

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28اگست۔2016ء) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ فاروق ستار کا ایم کیو ایم سے لاتعلقی کا اعلان اچھی بات ہے ،لاتعلقی چھپ نہیں سکتی‘ دس روز میں سب کچھ سامنے آجائے گا‘ کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے ہمسایہ ممالک ہمارے مخالف ہیں‘ ایک طرف الطاف حسین ‘ براہداغ بگٹی دوسری طرف بھارت ہے‘ عوام کو حکومت کی ناکامیوں سے آگاہ کرنا ہوگا ، حکومتی کسان پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔

اتوار کو ڈی سی آفس سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال سکھر میں نرسز کی کمی ہے اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کل بھرتی پر پابندی ہٹا دیں گے۔ سکھر کے ہسپتالوں میں کافی حد تک بہتری لائی ہے اور ہسپتالوں کو مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

خورشید شاہ نے کہا کہ ہسپتال میں پیرامیڈیکل سٹاف کی کمی ہے۔ دسمبر میں گرلز ہاسٹل کو نئے کیمپس میں شفٹ کرنے کا منصوبہ ہے۔

سول ہسپتال کیلئے ادویات کا دسمبر تک اسٹاک موجود ہے۔ پنوں عاقل ہسپتال کی او پی ڈی میں بھی بہتری لائی ہے اور پنوں عاقل ‘ صالح بٹ میں چار نئی ڈسپنسریاں بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی پیپلز پارٹی نے پاکستان کھپے کہا‘ فاروق ستار کا قائد ایم کیو ایم سے اعلان لاتعلقی اچھی بات ہے۔ لاتعلقی چھپ نہیں سکتی دس دن میں سب سامنے آجائے گا۔

پاکستان کو ہمسایہ ممالک کو آگے دیکھ کر آگے بڑھنا ہے کیونکہ کمزور خارجہ پالیسی کے باعث ہمسایہ ممالک ہمارے مخالف ہیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ایک طرف الطاف حسین‘ براہمداغ بگٹی دوسری طرف بھارت ہے بھارت ہمارے خلاف انٹرنیشنل لابنگ کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں حکومت پر تنقید نہیں کررہا۔ حکومت کو چاہئے کہ سب کو ساتھ لے کر چلے ہمیں پاکستان کے مسائل مل بیٹھ کرحل کرنے چاہئیں۔

پیپلز پارٹی مفاہمت کی پالیسی جاری رکھے گی ۔ہمیں نعرے نہیں کام بھی کرنا چاہئے اور ہمیں اچھا نہیں لگتا کہ کراچی کا میئر جیل میں ہو۔ پیپلز پارٹی اکتوبر میں ملک بھر میں جلسے کرنے کا اعلان کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا میئر حکومت سے ضمانت لے اور جیل سے باہر آکر شہر چلائے۔ عوام کو حکومت کی ناکامیوں سے آگاہ کرنا ہوگا اور کسان پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔