پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی ناقابل برداشت ہے،بیگم فرحانہ قمر

کوئی بھی محب وطن جماعت پرتشدد سیاست کی کبھی حمایت نہیں کرسکتی،رکن قومی اسمبلی

اتوار 28 اگست 2016 17:43

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 اگست ۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کی رکن قومی اسمبلی و اسلام آباد شعبہ خواتین کی چیف آرگنائزر بیگم فرحانہ قمرنے کراچی میں ایم کیوایم کی جانب سے پاکستان کے خلاف نعرہ بازی اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور میڈیا دفاتر پر حملے ناقابل برداشت ہیں،یوں محسوس ہوتا ہے کہ ایم کیو ایم ایک سازش کے تحت ملک کی سلامتی سے کھیل رہی ہے،ملک کی سالمیت و استحکام ہمیں ہر شے پر مقدم ہے اس پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنیوالے محب وطن نہیں ہوسکتے،الطاف حسین کے بیان نے پوری قوم کے دلوں کوٹھیس پہنچائی ہے،ان کے اس بیان سے جو انتشار کی فضاپیدا ہوئی وہ قابل افسوس ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں بیگم فرحانہ قمر نے مزید کہاکہ کوئی بھی محب وطن جماعت پرتشدد سیاست کی کبھی حمایت نہیں کرسکتی،اپنے حقوق کے حصول کیلئے پرامن احتجاج کی شکل میں آئینی جدوجہد ہی بہترین راستہ ہے، ملک دشمن عناصر ہمیں داخلی سازشوں کا شکار کرکے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ،ان عناصر کے کو شکست دینے کیلئے ملک کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کودانشمندی اور بصیرت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

رکن قومی اسمبلی بیگم فرحانہ قمر نے کہاکہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہر قسم کی مصلحت کو بالائے طاق رکھ کر تمام محب وطن قوتیں اس ملک دشمن عناصر کے خلاف متحد ہوجائیں،ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث اور میڈیا ہاؤسز پر حملے کے ملزمان کو فی الفور گرفتار کرکے قانون کے مطابق کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔