کراچی میں بارش :چھت ،دیوار گرنے اور کرنٹ لگنے سے 6 افراد جاں بحق

180فیڈرز ٹرپ کر گئے، بجلی بحالی کا کام جاری ہے ،ترجمان کے الیکٹرک مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم میں خوشگوار ،پانی جمع ہونے سے ملیر اور کورنگی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں،محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیشگوئی کر دی

اتوار 28 اگست 2016 17:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 اگست ۔2016ء) کراچی میں بارش کے دوران چھت ،دیوار گرنے اور کرنٹ لگنے سے 6 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں،برسات کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی بھی غائب ہوگئی ہے،180فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ 150کے قریب فیڈرز متاثر ہوئے ہیں ، بجلی کی بحالی کے لئے کے الیکٹرک کا عملہ مصروف ہے۔ملیر، لانڈھی، ڈیفنس ، کلفٹن ،گلشن اقبال ، گلستان جوہرسمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم میں خوشگوار تبدیلی آئی جبکہ پانی جمع ہونے سے ملیر اور کورنگی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں،محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ پیرتک جاری رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔

بارش میں حادثات سے بچاؤ کے لئے چند ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں،جن کے مطابق تیزہواؤں کے ساتھ بارش ہوتو غیر ضروری سفر سے گریز کریں،سفر میں گاڑی یا موٹرسائیکل کی رفتار آہستہ رکھیں،دوسری گاڑیوں سے مناسب فاصلہ رکھیں۔

(جاری ہے)

ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں گاڑی بائیں طرف پارک کریں،گیلی دیواروں پر ہاتھ نہ لگائیں، درختوں یا بجلی کے کھمبوں سے بھی دور رہیں،ڈور بیل بجانے کے بجائے دروازے پر دستک دیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ 45ملی میٹر بارش لانڈھی میں ہوئی،ایئرپورٹ اور گلستان جوہر میں 18ملی میٹر ،گلشن حدید میں 17ملی میٹر اور صدر میں 4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں کرنٹ لگنے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جس کی لاش ایک گھنٹے تک سڑک پرپڑی رہی مگر کوئی اٹھانے والا نہیں تھا۔

نیو کراچی باڑہ مارکیٹ اور گلشن معمار میں بھی کرنٹ لگنے سے دو اموات ہوئیں۔منگھوپیر میں مکان کی چھت گر نے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ سول لائن کے علاقے میں بھی مکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ سرجانی میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ادھرکراچی میں بارش ہوتے ہی بجلی چلی گئی ،بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 1400 میں سے 180 فیڈر ٹرپ کر گئے۔

لانڈھی ، کورنگی ، ناظم آباد ، نارتھ ناظم آباد ، گلستان جوہر ، لیاقت آباد ، فیڈرل بی ایریا اور دیگر علاقوں کی بجلی معطل ہوگئی ، کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق ٹرپ ہونے والے فیڈرز کی بحالی کا کام جاری ہے۔ ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ 180کے قریب فیڈرز متاثر ہوئے ہیں، بجلی کی بحالی کے لیے کے الیکٹرک کا عملہ مصروف ہے.محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ 54ملی میٹر بارش لانڈھی میں ہوئی،ایئرپورٹ اور گلستان جوہر میں 18ملی میٹر ،گلشن حدید میں 17ملی میٹر اور صدر میں 4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے .یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ہونے والی بارشوں میں مختلف حادثات کے دوران 15 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔