نواز شریف نے اقوام عالم میں پاکستان کا کھویا ہوا وقار واپس دلادیا،عابد شیر علی

سبز پاسپورٹ کو قدر و عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے،پی پی دور حکومت میں 18-18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی مگر اب صرف 6 گھنٹے رہ گئی ہے، انشاء اللہ 2018 تک لوڈشیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کر دیں گے،وزیر مملکت وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان خوشحالی کی منازل طے کر رہا ہے‘ بجلی بحران میں نمایاں کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات ثمر آور ثابت ہو رہے ہیں،انتخابی عمل میں جو وعدے کئے تھے وہ ایک ایک کر کے پورے کر رہے ہیں،تقریب سے خطاب

اتوار 28 اگست 2016 17:39

فیصل آباد:(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 اگست ۔2016ء ) وفاقی وزیرمملکت برائے پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ دھرنے والے ملکی ترقی کو روکنا چاہتے ہیں جبکہ میاں محمد نواز شریف نے اقوام عالم میں پاکستان کا کھویا ہوا وقار واپس دلایا ہے اب ہمارے سبز پاسپورٹ کو قدر و عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں 18-18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی مگر اب صرف 6 گھنٹے رہ گئی ہے انشاء اللہ 2018 تک لوڈشیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کر دیں گے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان خوشحالی کی منازل طے کر رہا ہے‘ بجلی بحران میں نمایاں کمی اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات ثمر آور ثابت ہو رہے ہیں۔

انتخابی عمل میں جو وعدے کئے تھے وہ ایک ایک کر کے پورے کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار سابق وائس چیئرمین پی ایچ اے ملک اکبر غوری کی یونین کونسل کی غوری سٹریٹ میں سڑک کی تعمیر اور سوئی گیس پائپ لائن کے افتتاح کے موقع پر کیا اس موقع پر سابق وائس چیئرمین پی ایچ اے ملک اکبر غوری ‘ بھولا پیر‘ مبارک بٹ‘ اچھی شاہ‘ فرید اللہ خٹک‘ امین حنیف پہلوان‘ ندیم مغل‘ روحیل غوری‘ شہباز غوری‘ افتخار غوری‘ اسد غوری‘ صابر مغل‘ منور انصاری‘ راشد انصاری ‘ ملک شہزاد‘ میاں سرورو دیگر مسلم لیگی کارکن بھی موجود تھے۔

چوہدری عابد شیرعلی نے کہا کہ این اے 84 کے پارکوں کو نئے سرے سے سرسبزوشاداب بنانے کیلئے وزیراعظم خصوصی گرانٹ جاری کر دی ہے این اے 84کا کوئی ایسا علاقہ نہیں بچے گا جہاں بجلی‘ گیس ‘ سیوریج کی سہولتیں بہم نہ پہنچائی جائیں۔ ۔ انہوں نے کہا کہ یونین کونسل 210 کا کوئی مسئلہ حل طلب نہیں رہنے دیا جائے گا‘ 2017ء تک جہاں کے تمام مسائل حل کر لئے جائیں گے اور 2018ء میں ترقیاتی کاموں کے مکمل ہونے کا جشن منائیں گے‘اکبر غوری یہاں کا منسٹر ہے‘ اس کی یونین کونسل میرا گھر ہے اور میں اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک اپنے گھر کے تمام ترقیاتی کام مکمل نہ کر لوں‘ آخر میں میزبان سابق وائس چیئرمین پی ایچ اے ملک اکبرغوری نے وزیرمملکت پانی و بجلی چوہدری عابد شیرعلی کا ترقیاتی کام کروانے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ میری یونین کونسل کے لوگ شیرعلی خاندان سے پیار کرنے والے ہیں اور انہوں نے ہمیشہ شیرعلی خاندان کوووٹ دیا ہے‘ انشاء اللہ 2018ء کے الیکشن میں بھی یہاں کے لوگ آپ کو جھولیاں بھربھر کر ووٹ دیں گے۔