حکومت چوہدری رحمت علی کا جسد خاکی برطانیہ سے لاکر قومی اعزاز کیساتھ شکر پڑیاں کے مقام پر دفن کرے چوہدری اشرف گوجر

چارٹرڈ ہوائی جہاز سمیت تدفین پر اٹھنے والے تمام اخراجات پاکستان نیشنل موؤمنٹ برداشت کرے گی

اتوار 28 اگست 2016 17:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اگست ۔2016ء) وفاقی حکومت، جلد از جلدلفظ پاکستان کے خالق اور پاکستان نیشنل موؤمنٹ (PNM) کے بانی صدر چوہدری رحمت علیؒ کا جسد خاکی برطانیہ کے شہر کیمبرج کے مسیحی قبرستان سے لا کر قومی اعزاز کے ساتھ اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے مقام پر دفن کرے۔ اس ضمن میں چارٹرڈ ہوائی جہاز سمیت تمام جملہ اخراجات چوہدری رحمت علیؒ کی یاد میں ملک گیر سطح پر قائم کی گئی تنظیم پاکستان نیشنل موؤمنٹ (PNM) برداشت کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار یوم آزادی کے حوالے سے نقاش پاکستان چوہدری رحمت علیؒ کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے حلقہ این اے 48 اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کے سابق امیدوار قومی اسمبلی اور پاکستان نیشنل موؤمنٹ (PNM) رجسٹرڈ کے مرکزی کنوئینر چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغان قوم نے تو اپنے ہیرو جمال الدین افغانی کا جسد خاکی 40 سال بعد ترکی سے لا کر افغانستان میں دفن کر لیا تھا لیکن چوہدری رحمت علیؒ کا جسدِ خاکی 69 سال گزرنے کے باوجود کیمبرج کے مسیحی قبرستان کی قبر نمبر8330 میں بطور امانت دفن ہے۔

چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ نے کہا کہ سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کے حکم پر جب اس ضمن میں پیش رفت کی گئی تو کیمبرج سٹی سیمیٹری کی انتظامیہ نے اس امر کی تصدیق کر دی تھی کہ چوہدری رحمت علی کا تابوت قبر میں بالکل اپنی اصل حالت میں موجود ہے کیونکہ ان کے کیمبرج یونیورسٹی کے استاد مسٹر ویلبورن نے تدفین کے انتظامات کرتے وقت خصوصی طور پر تابوت کو سیسے کی دھات سے تیار کروایا تھا تاکہ بعد ازیں پاکستانی قوم یا حکومت پاکستان چوہدری رحمت علیؒ کا جسد خاکی ان کے خوابوں کی سرزمین پاکستان میں لے جانا چاہے تو انہیں اس ضمن میں کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

چوہدری محمد اشرف گوجر ایڈووکیٹ نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم پاکستان ، وزارت خارجہ کو چوہدری رحمت علی کا جسد خاکی فوری طور پر پاکستان منتقل کئے جانے کی بابت ہدایات جاری کردیں گے۔ تقریب سے چوہدری سعید احمد، امتیاز احمد، محمد ریاض، محمد سلیم، الطاف حسین آف ونی، محمد صابر ایڈووکیٹ، محمد مشتاق، محمد منیر ، دلدار احمد اورچوہدری قیصر نے اظہار خیال کیا۔