Live Updates

عمران خان کاآصف زرداری اور ان جیسے سیاستدانوں کیساتھ کرپشن کیخلاف تحریک چلانا عوام کیساتھ سنگین مذاق ہوگا‘ صفدر عباسی

کرپشن ، اقربا پروری ، دہشتگردی ، انتہا پسندی ، لوڈ شیڈنگ کیخلاف 2ستمبر کوچیئرنگ کراس چوک میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا عوام موجودہ حکمرانوں سے بیزار ہو چکے ہیں ،جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کی بجائے اسکی کمزوری کا باعث بن رہے ہیں ‘ ناہید خان

اتوار 28 اگست 2016 17:21

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اگست ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی ( ورکرز) کے صدر ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان اگر آصف علی زرداری اور ان جیسے سیاستدانوں کیساتھ مل کر کرپشن کیخلاف تحریک چلانا چاہتے تو یہ عوام کے ساتھ سنگین مذاق کے مترادف ہے ،عوام کو اپنے سماجی ،معاشی اور آئینی حقوق کو حاصل کرنے اورموجودہ گلے سڑے سیاسی نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے باہر نکل کر جدوجہد کرنا ہو گی ،ملک بھر میں پھیلی کرپشن ، اقربا پروری ، دہشتگردی ، انتہا پسندی ، لوڈ شیڈنگ کیخلاف 2ستمبر کولاہور میں چیئرنگ کراس چوک میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ وحدت روڈ پر لاہور میں منعقدہ احتجاجی پروگرام کے حوالے تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان ، مرکزی رہنما سردار حُر بخاری،ساجدہ میر، رائے قیصر،سلیم خان، راجہ اکرم ،آصف سمرا،وسیم عباس،ڈاکٹر عارف سمیت دیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں ’’ چھین کر لے گا ہر انسان ،روٹی ،کپڑا اور مکان ‘‘ کے نئے نعرے کی سلوگن کے طور پر منظوری دی گئی ۔ ڈاکٹر صفدر عباسی نے کہا کہ آج پاکستان اپنی تاریخ کے نازک ترین موڑ پر کھڑا ہے ۔ طویل ہوتا معاشی بحران ، اندرونی و بیرونی قرضوں کا بڑھتا ہوا حجم، میگا کرپشن اور لوٹ مار نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے ۔ پانامہ لیکس کے انکشافات کے بعد وزیر اعظم نے معاملات کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے ۔

وزیر اعظم اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر خود کو احتساب کے لئے پیش کریں اور (ن) لیگ کی پارلیمانی پارٹی میں سے نیا قائد ایوان لایا جائے ۔ اسی طرح پاکستان اور جمہوریت کو بچایا جا سکتا ہے ۔ جن دوسرے افراد کے پانامہ لیکس میں نام آئے ہیں وہ بھی خود کو احتساب کے لئے پیش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بیٹھی تمام سیاسی جماعتوں نے پانامہ لیکس کے کیس کو مذاق بنا کر رکھ دیا ہے اور مک مکا صاف نظرآرہا ہے ، ٹی او آرز کے معاملے میں سب کچھ الجھا کر رکھ دیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سول قیادت کی ہچکچاہٹ کی وجہ سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہیں ہو سکا ، ذاتی مفادات اجتماعی مفاد پر حاوی ہے اور دہشتگردی کے خلاف دی جانے والی قربانیوں کو ذاتی سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھایا جارہا ہے اگر ضرب عضب کو درمیان میں چھوڑ دیا گیا اور اسے حتمی انجام تک نہ پہنچا یا جا سکا تو وفاق پاکستان کو نا قابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو بدعنوانی کے الزامات پر وزیر اعظم نواز شریف سے تو استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہیں جبکہ انکے خاندان کے افراد سمیت کئی کرپٹ سیاسی شخصیات ان کے سیاسی اسٹیج کی زینت بنتے ہیں ۔ بلاول بھٹو کو چاہیے کہ وہ سندھ میں ان تمام اکابرین کو گھر بھیجیں جو انکے والد اور خاندان کے افراد کی بدعنوانیوں کو تحفظ اور اس کی حوصلہ افزائی کرتے چلے آرہے ہیں۔

بڑی سیاسی جماعتیں اب ذاتی یا خاندانی وارثتیں بن چکی ہیں اور وہ پاکستان کے سیاسی ،آئینی اور معاشی نظام میں کسی تبدیلی کا ذریعہ نہیں بن سکتی ،اگر سیاسی جماعتیں حقیقی تبدیلی کا ذریعہ بننا چاہتی ہیں تو ان کو نظریاتی اور جمہوری طریقے سے ادارے بنانا ہوگا اگر وہ تبدیلی لانے کو تیار نہیں تو تاریخ کے قبرستان سیاسی جماعتوں اور لیڈروں کی قبروں سے بھرے پڑے ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2ستمبر کو لاہورں،4ستمبر کو شیخوپورہ اور 9ستمبر کو ملتان میں احتجاج کیا جائے گا ۔ تمام پاکستانی اپنے حقوق کے لئے باہر نکلیں کیونکہ انہیں اپنے حقوق چھین کر حاصل کرنا ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز عوام کے مسائل اور ان کے حل کیلئے ایک پالیسی پیپر تیار کر رہی ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے اور جلد ہی اس کو جاری کر دیا جائے گا ۔

ناہید خان نے کہا کہ عوام موجودہ حکمرانوں سے بیزار ہو چکے ہیں اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کے انتہائی خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جمہوری نظام کو مضبوط بنانے کی بجائے خود اس کی کمزوری کا باعث بن رہے ہیں ۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام اپنے حقوق کے لئے باہر نکلیں اور حکمرانوں سے اپنے حقوق چھین لیں ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات