بھارت کے نام لیوا الطاف اور اچکزئی جیسے لوگ بھارتی شہریت کیوں نہیں لیتے‘ چودھری پرویزالٰہی

نوازشریف نئے ہسپتالوں کا اعلان اور چھوٹے بھائی پنجاب میں موجود سرکاری ہسپتال اور سکول ٹھیکے پر دے رہے ہیں عوامی خدمات ہمارا مشن ہے‘ فلاحی منصوبے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں‘ ممتاز رہنما انور علی چیمہ کی رسم چہلم پر میڈیا سے گفتگو

اتوار 28 اگست 2016 17:15

لاہور/سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ کا مشن ہے، فلاحی منصوبے ہمیشہ زندہ رہتے ہیں، پاکستان دشمنوں کو چاہئے کہ وہ خود کو پاکستانی نہ کہلوائیں اور بھارتی شہریت حاصل کر لیں، پاکستان زندہ و پائندہ رہے گا، دشمن نشان عبرت ہونگے، ہمارا ملک مزید مضبوط ہو گا، نوازشریف اتنے سال بعد نئے ہسپتال بنانے کا اعلان کر رہے ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی شہبازشریف پنجاب میں سرکاری ہسپتالوں اور سکولوں کو چلانے میں ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ٹھیکے پر دے رہے ہیں۔

وہ مونس الٰہی اور ڈاکٹر خالد رانجھا کے ہمراہ سرگودھا میں سات بار رکن اسمبلی منتخب ہونیوالے اپنی پارٹی کے ممتاز رہنما چودھری انور علی چیمہ کی رسم چہلم میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مرحوم کے صاحبزادے عامر سلطان چیمہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ انور علی چیمہ نے عمر بھر عوام کی خدمت کی اور آج کا یہ بڑا اجتماع اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اپنے محسنوں کو یاد رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں چودھری انور علی چیمہ نے سرگودھا میں فلاحی و تعمیراتی کاموں کے ریکارڈ قائم کیے اور یہاں پر عوامی بہتری کے دیگر بڑے بڑے منصوبوں کے علاوہ میرے ساتھ 1122 ریسکیو سروس کا ا فتتاح کیا۔ انہوں نے الطاف حسین اور محمود اچکزئی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ملکی سالمیت و یکجہتی کے منافی بیان دینے والوں کیخلاف حکومت کوئی ایکشن نہیں لے رہی۔

اس طرح وزیراعظم اپنے حلف سے انحراف کر رہے ہیں ۔اس لیے ایسی بیان بازی فیشن بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اور محمود اچکزئی کو یہ عزت اور سب کچھ پاکستان کی بدولت ملا ہے۔ اگر ان کے دل و دماغ میں پاکستان کے خلاف اتنی مخالفت ہے کہ وہ آئے روز اس کے خلاف زہر اگلتے اور بھارت نوازی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو انہیں پاکستانی پاسپورٹ اور شہریت رکھنے کا کوئی حق نہیں۔

پاکستان نے ان کو اتنا نوازا ہے لیکن یہ پاکستان کے دشمن اور ناشکرے ہیں۔ وزیراعظم کی جانب سے 33نئے ہسپتالوں کی تعمیر کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے دور میں عوام کو صحت و تعلیم کی سہولتیں مفت حاصل تھیں۔ خادم اعلیٰ ہونے کے دعویدار نے غریب بچوں کے سکول بند کرنے کے علاوہ سرکاری ہسپتالوں کا جو حشر کیا ہے اس کا اعتراف وہ خود بھی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور سکولوں کی طرح ہسپتالوں کو بھی ٹھیکے پر دینے کے اشتہار دے رہے ہیں۔ ہسپتالوں میں غریب مریض اور ان کے لواحقین رل جاتے ہیں۔ دوائی ملتی ہے نہ فری ٹیسٹ یا کوئی اور طبی سہولت، پورا صوبائی بجٹ جنگلہ بس اور اورنج ٹرین پر لگایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :