Live Updates

تین ستمبر کو عوام کا سمندر سڑکوں پر لا کر دکھائیں گے ،اپوزیشن جماعتیں اپنے اپنے کنٹینر پر شریک ہوں‘ عمران خان

کرپشن میں ڈوبے ہوئے حکمرانوں کیخلاف کارروائی تک ملک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا،آج وزیراعظم کیخلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرینگے تحریک انصاف کے سربراہ کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 28 اگست 2016 17:15

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اگست ۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کو تین ستمبر کی احتساب ریلی میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن میں ڈوبے ہوئے کرپٹ حکمرانوں کیخلاف کارروائی ہونے تک ملک ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا،کل ( سوموار) کو وزیراعظم کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے ،وزیر اعظم پانامہ لیکس کے معاملے کو طول دے کر اس سے پیچھا نہیں چھڑا سکتے ،وزیراعظم نواز شریف کی سوچ ہے کہ اس ملک میں کبھی کسی طاقتور کا احتساب نہیں ہوا لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ،تین ستمبر کو عوام کا سمندر سڑکوں پر لا کر دکھائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ و زیر اعظم نواز شریف کے خلاف ہمارے پاس بہت ٹھوس ثبوت موجود ہیں جوہم سپریم کورٹ کو دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کے انکشاف کے بعد اگر نیب چاہتا تو نوزاشریف کو گرفتار کرسکتا تھا لیکن ایسا نہیں ہوا ۔اگر ایک ملک کر سربراہ کرپٹ ہوتو اس ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا کیونکہ کرپشن نیچے تک چلی جاتی ہے ۔

۔اگر کرپشن ختم کرنی ہے تو احتساب اوپر سے شروع کرنا ہوگا اور احتسا ب اوپر سے تب ہی شروع ہوگا جب پاکستان کے انصاف کے ادارے وزیر اعظم نوا ز شریف سے احتساب شروع کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کرپشن سے تباہ ہورہا ہے ،ہر طرف غربت پھیل رہی ہے ،امیر غریب میں فر ق بڑھتا جارہا ہے اور ہم اپنے اپنے بچوں کو تعلیم نہیں دے سکتے کیونکہ ہمارے پاس اتنے پیسہ نہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے ہسپتالوں کا برا حال ہے اور پنجاب حکومت نے 56فیصد ترقیاتی بجٹ صرف لاہو رمیں لگا دیا ہے اور اب جب بارش ہوئی تو صورتحال سب کے سامنے آگئی ۔ انہوں نے کہاکہ 3ستمبر کو لاہور میں ہونے والے احتجاج میں ہماری کوشش ہے کہ ساری جماعتیں اپنے اپنے کنٹینرز پر آئیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی کرپشن چھپانے کیلئے موٹو گینگ پراپیگنڈے میں مصروف ہے ۔

یہ کہا جارہا ہے کہ اگر تحریک انصاف اگر سپریم کورٹ جارہی ہے تو پھر سڑکوں پر کیو ں آرہی ہے لیکن موٹو گینگ کو جمہوریت اور آمریت کے اندر فرق نہیں پتہ کیونکہ (ن )لیگ آمریت کی پیداورا ہے اور یہ سب کو پتہ ہے کہ نواز شریف کو جنرل جلانی نے کیسے پالا اور پھر جنرل ضیاء نے کیسے بڑ ا کیا ۔انہوں نے کہاکہ خواجہ آصف کے خلاف الیکشن میں دھاندلی کا کیس لگا ہو اہے ۔

نادرا ہمیں کہتی ہے کہغیر تصدیق شدہ ڈیڑھ لاکھ ووٹز میں سے ایک لاکھ انگوٹھوں کے نشانات پڑھے نہیں جا رہے ،ہم سپریم کورٹ سے درخوات کریں گے کہ ان ووٹوں میں سے 5ہزار کاسیمپل لیا جائے اورکسی تھرڈ پارٹی کو دکھایا جائے کہ انگوٹھو ں کے نشان تصدیق ہو رہے ہیں کہ نہیں ۔سو سال پرانے کاغذ پرانگوٹھا لگا ہو وہ پڑھا جاتا ہے لیکن یہ انگوٹھے نہیں پڑھے جارہے وہ بھی اس ماڈل ٹیکنالوجی کے دور میں ۔

انہوں نے کہاکہ مجھے نادرا کے اندر سے اطلاعات ملی ہیں کہ یہ جان بوجھ کر انگوٹھوں کو تصدیق نہیں کر رہے کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ اگر انگوٹھوں کی تصدیق ہوگئی تو سب کو معلوم ہو جائے گا کہ 2013کے عام انتخابات میں کتنا بڑافراڈ ہوا تھا ۔ انہوں نے الطاف حسین کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کیخلاف برطانیہ میں سیدھا سیدھا کیس بنتا ہے ۔

پاکستانی حکومت کو برطانیہ کی حکومت کو کہنا چاہیے کہ آپ کے شہری کی وجہ سے ہمارے ملک میں دنگے فساد ہوئے ،ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا اور جو دہشت پھیلائی گئی وہ کوئی اور نہیں بلکہ انکا شہری برطانیہ سے بیٹھ کر کررہا تھا اس لئے الطاف حسین کے خلاف کیس چلایا جائے اور اس لئے برطانیہ حکومت الطاف حسین کو جیل میں ڈالے ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ الطاف حسین کی تقریر کا کوئی پاکستانی دفاع نہیں کرسکتا ،پاکستان کے دشمن بھی ایسے تقریر نہیں کرسکتے جو الطاف حسین نے کی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی تقریر اتنی زہریلی نہیں تھی جتنی کہ الطاف حسین کی تھی ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت میں ایک دن بھی وہ پارٹی نہ چلے اگر اس پر آئی ایس آئی سے پیسے لینے کا الزام لگ جائے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات