ترقی کیلئے سارک کا پلیٹ فارم سب سے بہتر ہے، جنوب ایشیائی اقتصادی یونین وقت کی ضرورت ہے ،علاقائی ممالک پر مشتمل اقتصادی یونین بنانے اور اسکی کامیابی کیلئے وفاقی چیمبر حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گا، وفاق ہائے ایوان صنعت وتجارت

اتوار 28 اگست 2016 17:04

اسلام آباد ۔ 28 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 اگست ۔2016ء) وفاق ہائے ایوان صنعت وتجارت (ایف پی سی سی آئی) کے صدر عبدالرؤف عالم نے کہا ہے کہ ترقی کیلئے سارک کا پلیٹ فارم سب سے بہتر ہے، جنوب ایشیائی اقتصادی یونین وقت کی ضرورت ہے جس کے بغیر غربت، جہالت اور بے روزگاری کم نہیں ہو گی اور نہ ہی علاقائی ممالک ترقی کر سکتے ہیں،علاقائی ممالک پر مشتمل اکنامک یونین بنانے اور اسکی کامیابی کیلئے وفاقی چیمبر حکومت سے ہر ممکن تعاون کرے گا ۔

اتوار کو یہاں بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں دنیا کی اکیس فیصد آبادی رہتی ہے جبکہ زمین کا تین فیصد حصہ بھی انہی ممالک پر مشتمل ہے جس کا حصہ عالمی تجارت میں 9.12 فیصد ہے۔ ان ممالک کے مابین تنازعات نے اس خطے کی ترقی روک رکھی ہے جنھیں جلد از جلد حل کرنے کی ضرورت ہے جسکے بعد علاقائی تعاون کی وجہ سے اس خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی ساری دنیا کیلئے ایک مثال بن جائے گی۔

(جاری ہے)

وسائل سے مالا مال سارک ممالک کے پاس وسیع زرعی اراضی، معدنی وسائل، گہرے سمندر، مختلف شعبوں کے ماہرین اورنوجوانوں کی وسیع تعداد موجود ہے جنھیں مل کر استعمال کیا جائے تو اس سے ایک ارب سے زیادہ افراد غربت سے نکل آئینگے۔ عبدالرؤف عالم نے کہا کہ بعض اختلافات ترقی کے راہ میں حائل ہیں جنھیں تمام ممالک مل کر حل کریں تاکہ ترقی کا سفر شروع کیا جا سکے کیونکہ سارک کو بنے ہوئے تیس ہو گئے ہیں مگر یورپی یونین اور آسیان سمیت مختلف بلاکس کے مقابلہ میں باہمی تجارت اور مسائل کے حل میں یہ بہت پیچھے ہے جو کہ ہماری بد قسمتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ علاقائی انضمام ترقی کی کنجی ہے جس کیلئے سب کو مل کر کوششیں کرنا ہونگی۔