Live Updates

قرضوں ، واجبات کامجموعی حجم جی ڈی پی سے تجاوز کرنا لمحہ فکریہ ہے ‘ جمشید چیمہ

پاکستان کے مجموعی قرضے 224 کھرب 59 ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے حکمران بیرونی قرضوں سے ملک و قوم کی بجائے اپنی حالت بدلنے میں مصروف ہیں، پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما کیکارکنوں سے ملاقات میں گفتگو

اتوار 28 اگست 2016 16:47

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے قرضوں اور واجبات کامجموعی حجم جی ڈی پی کے طے شدہ60فیصد سے تجاوز کرنے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران بیرونی قرضوں سے ملک و قوم کی بجائے اپنی حالت بدلنے میں مصروف ہیں،اگر عوام نے حکمرانوں کے ان اقدامات کے آگے بند نہ باندھا تو ہماری آنے والی نسلوں کو بھی اغیار کے ہاتھوں گروی رکھ دیا جائے گا۔

گزشتہ روزاپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید چیمہ نے کہا کہ صرف ایک سال میں ساڑھے 13 فیصد اضافے سے پاکستان کے مجموعی قرضے اور واجبات 224 کھرب 59 ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ۔قرضوں میں 25 کھرب 55 ارب اور واجبات میں 58 ارب روپے کا اضافہ ہوا جس سے پاکستان کے مجموعی قرضے جون 2016 تک جی ڈی پی کے 75.9 فیصد تک پہنچ گئے اور اس کی طے شدہ حد 60فیصد مقرر ہے ۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف سمیت بیرونی قرضے 8 کھرب 63 ارب 20 کروڑ روپے کے اضافے سے 60 کھرب 50 ارب 80 کروڑ روپے کی سطح تک پہنچ گئے ہیں جو لمحہ فکریہ ہے ۔حکومتی اداروں اور کارپوریشنوں نے مزید 109 ارب 40 کروڑ روپے کے نئے قرضے لیے ہیں اور ان کا مجموعی حجم 10 کھرب روپے تک پہنچ گیاہے۔ جمشید چیمہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی تجربہ کار صوبائی حکومت نے بھی مرکزی بینک سے سب سے زیادہ اوورڈرافٹ حاصل کیا ہے جس کا حجم 32 ارب 94 کروڑ 80 لاکھ روپے رہا۔

انہوں نے کہا کہ حکمران اندرونی اور بیرونی قرضوں پر اپنا ہاتھ صاف کر رہے ہیں لیکن اس کا بوجھ عوام کے کندھوں پر پڑ رہا ہے ۔ آج صورتحال یہ ہے کہ پاکستان میں ہر بچہ مقروض پیدا ہو رہا ہے جبکہ حکمران معیشت کی ترقی کے دعوے کرتے نہیں تھکتے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پوری قوم کو حکمرانوں کے خلاف سڑکوں پر نکلنا ہو گا بصورت دیگر ہمارے پاس پچھتانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔ اس موقع پر عمران خان کی تین ستمبر کی کال کی تیاریوں کے حوالے سے بھی لائحہ عمل طے کیا گیا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات