انڈونیشین قونصلیٹ کے زیراہتمام تجارتی اور ثقافتی نمائش کا انعقاد کیا گیا

خواتین، بچوں اور تاجر برادری کی بڑی تعدا د نے قونصلیٹ کی کاوشوں کو سراہا

اتوار 28 اگست 2016 16:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اگست ۔2016ء) انڈونیشین قونصلیٹ کراچی کے زیراہتمام ہونے والی دو روزہ تجارتی اور ثقافتی نمائش کا شاندار انعقاد اوشین ٹاور کلفٹن میں کیا گیا جس میں خواتین، بچوں اور تاجر برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نمائش میں لگے انڈونیشیا کی بنی ہوئی خوبصورت مصنوعات، کھانوں اور ثقافتی رقص سے محظوظ ہوئے ۔

اس موقع پر قونصلیٹ کی جانب سے انڈونیشیا کے روایتی ملبوسات اور سیاحتی معلومات بھی فراہم کی گئیں ۔ نمائش کا افتتاح کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر یونس محمد بشیر نے کراچی میں مقیم ا نڈونیشیا کے قونصل جنرل ہادی سنتوسو، ملائیشیا کے قونصل جنرل اسماعیل محمد باکری، پاکستان انڈونیشیا بزنس فورم کے چیئرمین شمعون زکی، عارف سلیمان،محمد عارف بالاگام والا سمیت دیگر کے ساتھ فیتہ کاٹ کر کیا ۔

(جاری ہے)

نمائش کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ا نڈونیشیا کے قونصل جنرل ہادی سنتوسو نے کہا کہ اس نمائش کا بنیادی مقصد دونوں ملکوں کے تاجر وں اور عوام کو آگے لانا اور انہیں نئی تجارتی مارکیٹ اور ثقافت سے روشناس کرانا ہے جبکہ انڈونیشیا میں تجارت کے فروغ کے حوالے سے پاکستان کے تاجروں کے لئے و سیع مواقع موجود ہیں جبکہ انڈونیشیا کی تیار کردہ مصنوعات کوخصوصی طور پرپاکستانی حلقوں پزیرائی دلانا ہے ۔ قونصل جنرل نے کہا کہ وہ مستبقل میں بھی ہر سال اس طرح کی خوبصورت تقریبات اور نمائشوں کا انعقاد کرواتے رہیں گے۔