مقبوضہ کشمیر میں جارحیت ٗآزاد کشمیر کے وزیر اعظم کا پارلیمانی وفود بیرون ممالک بھیجنے کے نواز شریف کے فیصلے کا خیر مقدم

پاکستانی فیصلے سے کشمیر ایشو حقیقی تناظر میں اجاگر ہو گا ٗ بھارت پر کشمیر ایشو ء کے حل کیلئے پریشر بڑھے گا ٗ راجہ فاروق حیدر مستحکم اور جمہوری پاکستان ہی تحریک آزادی کی جلدکامیابی کے لیے ناگزیز ہے ٗ اجلاس سے خطاب

اتوار 28 اگست 2016 16:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی طرف سے کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے کے حوالے س پارلیمانی وفودبیرون ممالک بھیجنے کے فیصلے پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے اس فیصلے سے کشمیر ایشو حقیقی تناظر میں اجاگر ہو گا اور بھارت پر کشمیر ایشو ء کے حل کیلئے پریشر بڑھے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یہاں آل پارٹیزحریت کانفرنس کے راہنماؤں کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں حریت راہنما غلام محمد صفی ، سید طاہر مسعود ، سید یوسف نسیم (گاندربل)، محمود احمد ساغر (سرینگر )داؤد خان یوسف ضیائی (گاندربل)، مسز شمیم شال ( سوپور) ، فاروق رحمانی ( بانڈی پورہ)شعیب شاہ( کپواڑہ )،کفایت رضوی ( بارہ مولا)، اعجاز رحمانی ( سرینگر )سید فیض نقشبندی ، عبدالحمید ( بارہ مولا)امتیاز وانی ( بانڈی پورہ)بشیر احمد خان (کپواڑہ ) جاوید اقبال (سرینگر )راجہ خادم حسین ( بارہ مولا ) محمد سلطان بٹ( ہندواڑہ )اشتیاق حمید ( اسلام آباد )انجینئر مشتاق محمود ( ہندواڑہ ) ایڈووکیٹ پرویز ( پلوامہ)محمود بٹ ( بارہ مولا) الطاف بٹ( بڈگام )عبدالحمید لون ( ہندواڑہ )محمد شفیع ڈار ( سوپور) عبداﷲ گیلانی ( بارہ مولا ) عبدالمجید ملک ( پونچھ ) افتخار مرزا ( سرینگر ) محمد رفیق ڈار ( سرینگر ) شیخ امین ( سرینگر ) وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی ، سیکرٹری کشمیر لبریشن سیل ادریس عباسی ، ڈائریکٹر جنرل راجہ سجاد خان نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے ایک مستحکم اور جمہوری پاکستان ہی تحریک آزادی کی جلدکامیابی کے لیے ناگزیز ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے نظریہ اور عقیدے کا حصہ ہے پاکسان کی سلامتی اور استحکام کے لیے کشمیری عوام کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ بھارت پاکستان کے معاشی و سیاسی عدم استحکام کی سازشوں میں ملوث ہے اہل کشمیر بھارت کی ان ناپاک سازشوں کو ناکام بنا دیں گے ۔

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی انقلاب انگیز قربانیوں سے کشمیر ایشو ء دنیا کا فلش پوائنٹ بن رہا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام کی شہادتوں کا سفر جاری ہے تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کی شہادت کا سفر کامیابیوں کی طرف رواں دواں ہے ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت نے کشمیر ایشو ء کو اپنی اولین ترجیحی قرار دیا ہے تحریک آزادی کے بیس کیمپ سے آل پارٹیز حریت کانفرنس اور سیاسی قیادت کی مشاورت سے تحریک کے اس اہم مرحلے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیر ایشو سے میری وابستگی 13 جولائی 1931 سے ہے ۔

کشمیر ایشو میری رگ رگ میں شامل ہے وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے ۔ بھارت کے حکمرانوں نے ریاستی دہشت گردی کے تمام ہتھکنڈوں کو آزما کر دیکھ لیا ہے اب بھارت کشمیریوں کی تحریک کا راستہ نہیں روک سکتا ہے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کشمیر لبریشن سیل کو متحرک اور منظم کیا جائے گا ۔ تحریک آزادی کے نام پر کشمیر لبریشن سیل کوامپلی منٹ ایکسچینج نہیں بننے دیں گے ۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے ممتاز سفارت کا ر مسعود خان کے صدر ریاست بننے پر وزیر اعظم پاکستان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ مسعود خان کابحیثیت صدرآزادکشمیر انتخاب تحریک آزادی میں سنگ میل ثابت ہو گا۔میری تجویز پر صدر مسلم لیگ ن پاکستان و وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے اس کی منظوری دی اس پر ان کے شکر گزار ہیں ۔ اجلاس سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے غلام محمد صفی ، سید طاہر مسعود ، سید یوسف نسیم ، محمود احمد ساغر،شمیم شال ، فاروق رحمانی و دیگر نے خطاب کیا ۔

چیئرمین حریت کانفرنس غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے وزیر اعظم کا منصب سنبھالتے ہی کشمیر ایشو ء کے لیے جن جذبات اور احساسات کا اظہار کیا ہے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے جو اقدامات شروع کر رکھے ہیں اس پر ہم انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس توقع کا اظہار کر تے ہیں کہ کشمیر ایشوء کے تناظر میں آرپار کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ۔غلام محمد صفی نے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی طرف سے پارلیمانی وفود بیرون ممالک بھیجنے پر انھیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔