پنجاب کے شہری مواضعات کے اراضی ریکارڈ کی کمپیو ٹرائزیشن اورالیکٹرانک نقشہ جات کے منصوبہ جات کی تیاری کا آغاز‘رانا ارشد

منصوبے کی تیاری اورعملدرآمد سے متعلق پیشہ ورانہ بین ا لاقوامی طریقہ کار اور تجربات کی روشنی میں ماہرین سے مشاورت حا صل کر لی گئی

اتوار 28 اگست 2016 16:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اگست ۔2016ء ) مشیر وزیر اعلی پنجاب رانا محمد ارشد نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کے دیہی مواضعات کے اراضی ریکارڈ کمپیو ٹرائزیشن کی تکمیل کے بعد منصوبے کے اگلے مرحلے کے تحت پنجاب کے شہری مواضعات کے اراضی ریکارڈ کی کمپیو ٹرائزیشن اورالیکٹرانک نقشہ جات کے منصوبہ جات کی تیاری کا آغاز کر دیا گیا ہے،منصوبے کی تیاری اورعملدرآمد سے متعلق پیشہ ورانہ بین ا لاقوامی طریقہ کار اور تجربات کی روشنی میں ماہرین سے تجزیہ و مشاورت حا صل کر لی گئی ہے۔

پنجاب کے عوام کو اراضی ریکارڈ کی شفاف اور با سہولت خدمات کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی توجہ ، چیف سیکر یٹری ، سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون سے پنجاب کی تمام 143 تحصیلوں میں قائم اراضی ریکارڈ سنٹر کے ذریعے لاکھوں مالکان اراضی کو 30منٹ میں کمپیوٹرائزڈ فرد اور 90 منٹ میں انتقال اراضی کی کمپیوٹرائز خدمات فراہم کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ریکارڈ کے باسہولت اور شفاف کمپیوٹرائز نظام پر عوام کے بھر پور اعتماد کے باعث سنٹرز سے ریکارڈ سے متعلقہ فرد کے حصول ، اراضی لین دین / انتقال کیلئے مالکان اراضی کا بڑھتا ہوا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق اراضی سنٹرز سے جون 2015؁ میں 92,200 کمپیوٹرائز فرد کے اجراء اور 31,435 انتقالات کی تصدیق سے 37 کروڑ سے زائد (374,945,023) رقم حکومتی خزانہ میں جمع کی گئی ۔

جبکہ اس کے مقابل جون 2016؁ میں 155,314 کمپیوٹرائز ڈفردات کے اجراء اور 61,425 تصدیق انتقالات کی بدولت77کروڑ سے زائد (776,972,352) رقم جمع کر لی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اراضی سنٹر پر بڑھتے ہوئے مالکان کی تعداد کی بدولت عوام کی سہولت کیلئے سنٹر پر دوسری شفٹ کا آغاز کیا گیا تھا تاکہ عوام کو لمبی قطاروں سے بچا کر باسہولت اوقات میں مطلوبہ خدمات فراہم کی جاسکیں ۔

اس ضمن میں عملہ کی محنت ، کاوش اور قانونی ٖضابطوں کے مطابق ایک مصدقہ پالیسی کے تحت انکو تصدیق کردہ اوور ٹائم کے مطابق ادائیگی کی گئی تا کہ عوام بشمول عملہ کو انکے حقوق سے محروم نہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اراضی ریکارڈ سنٹرز سے فردات کے اجراء اور انتقال اراضی کی بڑھتی ہوئی تعداد منصوبے کی کامیابی کا ثبوت ہیں۔ عوامی خدمت کے اس بے مثال منصوبے کی کامیابی پر عوام وزیراعلیٰ اور حکومت پنجاب کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

متعلقہ عنوان :