کوئٹہ میں مزید 2 مریضوں میں کانگو وائرس کی تصدیق

رواں برس ملک بھر میں کانگو وائرس کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 14 ہوگئی

اتوار 28 اگست 2016 16:03

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 اگست ۔2016ء ) کوئٹہ میں کانگو وائرس تیزی سے پھیلتا جارہا ہے،مزید 2 مریضوں میں جان لیوا وائرس کی تصدیق ہو گئی ۔ کوئٹہ کے فاطمہ جناح ہسپتال میں کانگو کے شبہ میں داخل دونوں مریضوں میں جان لیوا وائرس کی تصدیق ہوگئی ، متاثرہ مریضوں میں سے ایک کا تعلق مستونگ جب کہ دوسرے کا کوئٹہ سے تھا۔

(جاری ہے)

فوکل پرسن ڈاکٹر عباس کا کہنا ہے کہ کانگو وائرس کا ٹیسٹ کرنے والی پی سی آر مشین خراب ہے جس کے باعث مریضوں کے ٹیسٹ کراچی سے کرائے جاتے ہیں اور ٹیسٹ کی رپورٹ آنے میں 4 سے 5 روز لگتے ہیں جو پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔

دوسری جانب محکمہ امور حیوانات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیرسے متعلق آگاہی مہم جاری ہے، گزشتہ روزتک تقریباً ایک لاکھ 75 ہزارجانوروں کا علاج کیا گیا اور 15 سے زائد اضلاع میں اسپرے مہم اور متاثرہ جانوروں کا علاج جاری ہے جب کہ کانگو وائرس کے تدارک کی مہم آئندہ بھی جاری رہیگی۔واضح رہے کہ رواں برس ملک بھرمیں کانگو وائرس کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 14 ہوگئی ۔

متعلقہ عنوان :