کوئٹہ میں مزید 2 مریضوں میں کانگو وائرس کی تصدیق

متاثرہ مریضوں میں سے ایک کا تعلق مستونگ اور دوسرے کا کوئٹہ سے ہے کانگو وائرس کا ٹیسٹ کرنے والی پی سی آر مشین خراب ہے جس کے باعث مریضوں کے ٹیسٹ کراچی سے کرائے جاتے ہیں ٗ فوکل پرسن

اتوار 28 اگست 2016 15:09

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اگست ۔2016ء) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کانگو وائرس تیزی سے پھیلنے لگا اور مزید 2 مریضوں میں جان لیوا وائرس کی تصدیق ہو گئی ۔ اتوار کو کوئٹہ کے فاطمہ جناح ہسپتال میں کانگو کے شبہ میں داخل دونوں مریضوں میں جان لیوا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، متاثرہ مریضوں میں سے ایک کا تعلق مستونگ جب کہ دوسرے کا کوئٹہ سے ہے۔

(جاری ہے)

فوکل پرسن ڈاکٹر عباس نے نجی ٹی وی کو بتا یا کہ کانگو وائرس کا ٹیسٹ کرنے والی پی سی آر مشین خراب ہے جس کے باعث مریضوں کے ٹیسٹ کراچی سے کرائے جاتے ہیں اور ٹیسٹ کی رپورٹ آنے میں 4 سے 5 روز لگتے ہیں جو پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔دوسری جانب محکمہ امور حیوانات نے بتایا کہ کوئٹہ میں کانگو وائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیرسے متعلق آگاہی مہم جاری ہے، گزشتہ روزتک تقریباً ایک لاکھ 75 ہزارجانوروں کا علاج کیا گیا اور 15 سے زائد اضلاع میں اسپرے مہم اور متاثرہ جانوروں کا علاج جاری ہے جب کہ کانگو وائرس کے تدارک کی مہم آئندہ بھی جاری رہیگی۔واضح رہے کہ رواں برس ملک بھرمیں کانگو وائرس کے باعث ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔

متعلقہ عنوان :