الطاف حسین نے تمام مہاجروں کی بے عزتی کی ،مہاجروں کو بدنام کرنے والوں کو ختم کردینا چاہئے‘ کراچی کی رابطہ کمیٹی کو لندن کی رابطہ کمیٹی سے جان چھڑانی چاہئے‘ چند کرائے کے قاتلوں نے مہاجروں کو بدنام کررکھا ہے‘ فاروق ستار پل صراط پر چل رہے ہیں ،دس روز میں فیصلہ ہوجائے گا‘ آصف علی زرداری وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی کراچی میں میڈیا سے گفتگو

اتوار 28 اگست 2016 14:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اگست ۔2016ء) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے تمام مہاجروں کی بے عزتی کی ہے‘ مہاجروں کو بدنام کرنے والوں کو ختم کردینا چاہئے‘ کراچی کی رابطہ کمیٹی کو لندن کی رابطہ کمیٹی سے جان چھڑانی چاہئے‘ چند کرائے کے قاتلوں نے مہاجروں کو بدنام کررکھا ہے‘ فاروق ستار پل صراط پر چل رہے ہیں دس روز میں فیصلہ ہوجائے گا‘ آصف علی زرداری وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔

اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مہاجروں کو بدنام کرنے والوں کو ختم ہونا چاہئے کراچی کی رابطہ کمیٹی کو لندن کی رابطہ کمیٹی سے جان چھڑانی چاہئے چند کرائے کے قاتلوں نے مہاجروں کو بدنام کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے تمام مہاجروں کی بے عزتی کی ہے کسی کیلئے دل میں کوئی نرم گوشہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

الطاف حسین ہر تیسرے ‘ چوتھے دن معافی مانگ لیتے ہیں۔

الطاف حسین پاکستان کی سیاست کا یوٹرن بن گئے ہیں۔ ایم کیو ایم خود کو جرائم پیشہ عناصر سے الگ کرے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کو قانون کے حوالے کیا جائے۔ شیخ رشید نے کہا کہ قبضہ گروپ کو ختم کردیا جائے اور کراچی کا امن خراب کرنے والوں کو بھی ختم کردیا جائے۔ ایم کیو ایم پر پابندی کے علاوہ اور بھی فیصلے ہوسکتے ہیں۔ فاروق ستار پل صراط پر چل رہے ہیں۔ دس روز میں فیصلہ ہوجائے گا ۔ہم کسی قتل و غارت میں شریک نہیں ہوئے اور بے گناہ مہاجروں کو دیوار سے نہیں لگانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں۔ حکمرانوں کی پانامہ لیکس سے جان نہیں چھوٹے گی۔