Live Updates

عمران خان ہمارے نہیں خود اپنے ہی حریف ہیں،تحریب کاری اور شارٹ کٹ کا فارمولہ ملک کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے‘ عابد شیر علی

پہلے (ن ) کے منصوبوں کی مخالفت اورا ن پر دھول اڑائی جاتی ہے پھرشرمندہ ہوئے بغیر انہی کی تقلید بھی کرتے ہیں‘ وزیر مملکت برائے پانی وبجلی

اتوار 28 اگست 2016 13:12

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اگست ۔2016ء) وزیرمملکت برائے پانی وبجلی عابدشیرعلی نے کہا ہے کہ عمران خان سیاسی میدان میں ہمارے نہیں بلکہ خود اپنے ہی حریف ہیں،کارکردگی سے مقابلہ کرنے کی بجائے تحریب کاری اور شارٹ کٹ کا فارمولہ ملک کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے ،بجلی کی پیداوار میں اضافے کیساتھ ٹرانسمیشن لائنوں کی اپ گریڈیشن کاکام بھی جاری ہے جس کیلئے اربوں روپے کے فنڈزمہیاکئے گئے ہیں ۔

ایک انٹر ویو میں عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان پہلے مسلم لیگ (ن ) کے منصوبوں کی مخالفت اورا ن پر دھول اڑاتے ہیں اور پھر شرمندہ ہوئے بغیر انہی کی تقلید بھی کرتے ہیں۔ موٹر وے کے منصوبے پر کڑی تنقید کی گئی لیکن آج موٹر وے بنانے کے اعلانات کر رہے ہیں ۔ میٹرو منصوبے کی بھی بھرپور مخالفت کی گئی لیکن آج اس کی بھی منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ابھی سیاست میں سیکھنے کی ضرورت ہے ۔

کوئی اور نہیں خود عمران خان نہ صرف اپنا بلکہ اپنی جماعت کا بھی بیڑہ غرق کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان احتجاج کا جواز تو پیش کریں ، عوام سوال کر رہے ہیں کہ اگر آپ نے الیکشن کمیشن ، اسپیکر آفس اور سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے تو پھر دھرنا کس لئے دیا جارہا ہے ۔ دراصل عمران خان کواپنی پارٹی میں موجود اے ٹی ایم مشینوں کے استعمال کی عادت پڑ گئی ہے اس لئے وہ ہر روز نیا پروگرام ترتیب دے دیتے ہیں ۔عابد شیر علی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہے لیکن عمران خان اس میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کول پاور پراجیکٹس بھی انشاء اﷲ 2017تک پیداوارشروع کر دیں گے جس سے بجلی کی پیدوار مزیدبہترہوجائے گی ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات