عدالت عظمیٰ آئندہ ہفتہ کے دوران معمول کے مقدمات کیساتھ عوامی دلچسپی کے کئی اہم مقدمات کی سماعت کریگی

چیف جسٹس نے اسلام آباد رجسٹری میں مختلف مقدمات کی سماعت کیلئے دو بنچ تشکیل دے دیئے گور نر پنجاب کے خلاف توہین عدالت ٗ وزیر دفاع خواجہ آصف کے حلقہ میں ووٹوں کی تصدیق سے متعلق کیس کی سماعت ہوگی

اتوار 28 اگست 2016 13:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اگست ۔2016ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے (کل) پیر 29اگست سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتہ کے دوران اسلام آباد رجسٹری میں مختلف مقدمات کی سماعت کیلئے دو بنچ تشکیل دے دیئے ۔ پہلابنچ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی اورجسٹس قاضی فائز عیسی پرمشتمل ہوگا ٗ دوسرابنچ جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس سردار طارق مسعود پر مشتمل ہوگا۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ آئندہ ہفتہ کے دوران معمول کے مقدمات کے ساتھ عوامی دلچسپی کے کئی اہم مقدمات کی سماعت کرے گی جن میں گورنر پنجاب ملک محمد رفیق راجوانہ کیخلاف خالق حسین کی کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی جائے گی اس طرح وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے انتخابی حلقہ میں انگوٹھوں کے نشانات کے ذریعے ووٹوں کی تصدیق سے متعلق کیس، انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری، نیب کے مختلف مقدمات اوراسلام آباد سے کچی آبادیوں کے خاتمہ سے متعلق کیس شامل ہیں۔