روٹ اور مورگن کی نصف سنچریاں سرفراز کی سنچری پر بھاری پڑ گئیں، انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں 4 وکٹوں سے ہرا دیا، انگلش ٹیم نے 252 رنز کا ہدف 47.3 اوورز میں 6 وکٹوں پر پورا کیا، روٹ 89 اور مورگن 68 رنز بنا کر نمایاں، سرفراز کی 105 اور عماد کی 63 رنز کی اننگز رائیگاں، روٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

ہفتہ 27 اگست 2016 23:10

روٹ اور مورگن کی نصف سنچریاں سرفراز کی سنچری پر بھاری پڑ گئیں، انگلینڈ ..

لارڈز ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست ۔2016ء) جوروٹ اور آئن مورگن کی نصف سنچریاں، سرفراز احمد کی سنچری پر بھاری پڑ گئیں، انگلینڈ نے پاکستان کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی، پاکستانی ٹیم 49.5 اوورز میں 251 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی اور اس نے میزبان ٹیم کو فتح کیلئے 252 رنز کا ہدف دیا تھا، 2 کے سکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد سرفراز احمد اور عماد وسیم نے ڈٹ کر انگلش باؤلرز کا مقابلہ کیا جس کی وجہ سے گرین شرٹس انگلینڈ کو فائٹنگ ہدف دینے میں کامیاب رہی، سرفراز نے پہلے بابراعظم کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 64 اور اس کے بعد عماد وسیم کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ میں 77 رنز کی شراکت جوڑی، سرفراز نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور عماد وسیم 63 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، مارک ووڈ اور کرس ووکس نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جواب میں انگلش ٹیم نے مطلوبہ ہدف 48 ویں اوور کی تیسری گیند پر 6 وکٹوں پر پورا کیا، جوروٹ نے 89 اور کپتان آئن مورگن نے 68 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، سرفراز احمد کی سنچری اور عماد کی نصف سنچری رائیگاں گئی۔

(جاری ہے)

روٹ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ ہفتہ کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی قائد اظہرعلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، گرین شرٹس پہلے کھیلتے ہوئے 49.5 اوورز میں 251 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، پاکستانی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 2 کے سکور پر اس کے ٹاپ تھری بلے باز آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، سمیع اسلم ایک، کپتان اظہرعلی اور شرجیل خان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، اس موقع پر سرفراز احمد نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ میں 64رنز جوڑ کر ٹیم کا سکور 66 تک پہنچا دیا، یہاں پر لیام پلنکٹ نے بابراعظم کو آؤٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، اعظم 30 رنز بنا سکے، اس کے بعد شعیب ملک نے سرفراز کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ میں 59 رنز کی شراکت قائم کر کے سکور 125 تک پہنچا دیا، شعیب ملک جو کہ اچھا کھیل رہے تھے 28 کے انفرادی سکور پر مارک ووڈ کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد عماد وسیم نے سرفراز کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ میں قیمتی 77 رنز جوڑ کر سکور 202 تک پہنچا دیا، سرفراز نے دلیرانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 105 رنز کی اننگز کھیلی اور عادل رشید کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی عماد کا ساتھ نہ سکا اور پوری ٹیم 251 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، عماد وسیم نے 63 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے، حسن علی اور یاسر شاہ صفر، وہاب ریاض اور محمدعامر 6، 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جواب میں انگلش ٹیم نے 252 رنز کا ہدف 47.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، میزبان ٹیم ہدف کے تعاقب کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز بھی کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 35 کے سکور پر اس کے اوپنرز آؤٹ ہو گئے، جیسن روئے صفر اور ایلکس ہیلز 14 رنز بنا کر چلتے بنے، اس موقع پر جوروٹ اور کپتان آئن مورگن نے پاکستانی باؤلرز کا بھرپور انداز سے مقابلہ کیا، دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 112 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو تباہی سے بچایا، اسی دوران دونوں نے اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں، یہاں پر عماد وسیم نے مورگن کو آؤٹ کر کے اہم پارٹنر شپ توڑ ڈالی اور ٹیم کو اہم کامیابی بھی دلائی، مورگن نے 68 رنز بنائے، اس کے بعد روٹ نے بین سٹوکس کے ساتھ مل کر سکور 203 تک پہنچا دیا، سٹوکس 42 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے، جوزبٹلر انگلینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 4 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے، 240 کے سکور پر انگلینڈ کی چھٹی وکٹ گری جب جوروٹ 89 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے، اس کے بعد معین علی نے کرس ووکس کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، معین علی 21 اور ووکس 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، عماد وسیم نے 2 جبکہ محمدعامر، حسن علی اور وہاب ریاض نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ عنوان :