کل راولپنڈی میں دھرنا ہو گا ،ڈاکٹر طاہر القادری خطاب کرینگے ۔خرم نوازگنڈاپور

راولپنڈی،کراچی اور کوئٹہ کے عوام نا انصافی کے خلاف نکلیں گے ،بریگیڈیر (ر) مشتاق

ہفتہ 27 اگست 2016 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء ) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ کل راولپنڈی میں قصاص و سالمیت پاکستان مارچ و دھرنا ہو گا ۔دھرنے سے رات 9 بجے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری خطاب کریں گے ۔28اگست کو راولپنڈی،کراچی اور کوئٹہ میں نا انصافی کے خلاف کارکن،سول سوسائٹی اور اپوزیشن جماعتوں کے کارکن شریک ہونگے۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ عوامی تحریک کا احتجاج سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص کیلئے ہے ۔

(جاری ہے)

حکمران حواس باختہ ہوچکے ہیں، اسی لئے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مرکزی کرداروں کو ملک سے باہر فرار کروایا جا رہا ہے مگر قاتل بچ نہیں سکیں گے ۔صدر شمالی پنجاب بریگیڈیر(ر)مشتاق احمد نے کہاکہ احتجاج کے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔کارکنوں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر آج کے احتجاج میں شریک ہو گا ۔انہوں نے کہاکہ احتجاجی ریلی چاندنی چوک سے شروع ہو کر کمیٹی چوک پردربار ٹاہلی شاہاں کے سامنے اختتام پذیر ہو گی،جہاں ہر دھرنا دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہر القادری 28اگست کو قصاص و سا لمیت پاکستان تحریک کے دوسرے راؤنڈ کے حوالے سے اہم اعلان بھی کرینگے ۔