عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی ذمہ داری ہر باشعور مسلمان پر عائد ہوتی ہے ،ڈاکٹرظفر اقبال جلالی

دوسری سالانہ ’’تاجدار ختم نبوت کانفرنس ‘‘7ستمبر کو مرکز اہل سنت جامعہ اسلام آباد میں منعقد ہو گی ۔اظہار خیال

ہفتہ 27 اگست 2016 22:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء ) اسلام آباد علماء کونسل انٹرنیشنل کے چیئرمین ڈاکٹرمحمد ظفر اقبال جلالی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کا بنیادی اور اہم جزو ہے ،جو عقیدہ ختم نبوت پر ایمان نہیں رکھتا وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے ،عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کی ذمہ داری ہر باشعور مسلمان پر عائد ہوتی ہے اور کہاکہ امام الشاہ احمد نورانی صدیقی نے قادیانیوں کو پارلیمنٹ سے غیر مسلم اقلیت قرار دلوا کر جو کارنامہ سرانجام دیا وہ ہمیشہ تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔

قائد ملت اسلامیہ مولاناامام الشاہ احمد نورانی صدیقی رحمۃ اﷲ علیہ اور ان کے رفقاء کو پارلیمنٹ سے ختم نبوت آرڈیننس منظور کروانے پر خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے دوسری سالانہ عظیم الشان ،فقید المثال’’تاجدارِ ختم نبوت کانفرنس ‘‘جانشین حضرت حافظ الحدیث پیرسید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھکھی شریف کی زیر صدارت مرکز اہل سنت جامعہ اسلام آبادمنعقد ہو گی جبکہ مہمانِ خصوصی جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری صاحبزادہ الشاہ محمداویس نورانی صدیقی ہوں گے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں ملک بھر سے اہل سنت کی مذہبی ،سیاسی اور طلبہ تنظیمات کے قائدین واراکین سمیت وکلاء ، طلبہ ،علماء ،اسکالرز اور ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے،کانفرنس کی تشہیرو دعوت کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی۔7 ستمبر کو تمام راستوں اور تمام قافلوں کا رخ جامعہ اسلام آباد کی طرف ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :