وزیراعلیٰ شہبازشریف کی اتاترک ایئرپورٹ استنبول پر بوسنیا کے صدرباقرعزت بیگوچ سے ملاقات

ہفتہ 27 اگست 2016 22:48

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے پاکستان روانگی سے قبل اتاترک ایئرپورٹ استنبول پر بوسنیا کے صدرباقرعزت بیگوچ سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔وزیر اعلی شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بوسنیا کے مابین برادرانہ تعلقات اور دوستی کا رشتہ موجود ہے تا ہم دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیزی سے اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے۔

پاکستان اور بوسنیا کو تجارتی اورمعاشی میدان میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے تعاون کو فروغ دینا ہے ۔ تجارتی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے دونوں ممالک کے معاشی روابط میں بہتری لائی جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

صدر بوسنیاباقرعزت بیگوچ نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا انتہائی اہم ملک ہے اس لئے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات کریں گے ۔

بعد ازاں وزیر اعلی محمد شہباز شریف ترکی سے پاکستان کے لئے روانہ ہو گئے۔وزیر اعلی نے اتاترک ایئر پورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کے کامیاب دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں جب بھی ترکی آیا ہوں مجھے پہلے سے بڑھ کر پیار اور محبت ملی ہے - انہوں نے کہا کہ ترک صدر اور وزیر اعظم کے ساتھ ملاقاتیں مفید رہیں ۔